دنیا کے سرکردہ قائدین کو منموہن سنگھ کا وداعی مکتوب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-11

دنیا کے سرکردہ قائدین کو منموہن سنگھ کا وداعی مکتوب

Manmohan Singh
وزیر اعظم منموہن سنگھ نے دنیا بھر میں مختلف ممالک کے سرکردہ قائدین کو وداعی مکتوب روانہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے مکتوبات میں یوپی اے کی دو معیاد طویل دور حکومت میں مختلف مواقع کے دوران بھرپور تعاون کرنے پر اظہار تشکر کیا ۔ وزیر اعظم کے دفتر کے ذرائع نے یہ بات بتائی ہے۔ منموہن سنگھ نے اپنے مکتوب کے ذریعہ مختلف ممالک کے سرکردہ قائدین کے ساتھ نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ جن سرکردہ قائدین کو منموہن سنگھ نے مکتوبات روانہ کئے ہیں ۔ ان میں قابل ذکر امریکی صدر براک اوباما، روسی صدر ولادیمیرپوٹن‘جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور چین کے سابق وزیر اعظم دین جیاہاؤو دیگر شامل ہیں۔ واضح رہے کہ منموہن سنگھ کے دور میں یوروپی ایشیائی اور عرب ممالک کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔درایں اثناء پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب کانگریس صدر سونیا گاندھی کی جانب سے14مئی کو وزیر اعظم منموہن سنگھ کے لئے وداعی عشائیہ تقریب کا اہتمام کیاجانے والا ہے ۔ اس تقریب کے موقع پر کانگریس ورکنگ کمیٹی کے تمام ارکان اور مرکزی وزراء کی جانب سے وزیرا عظم کو ایک مومنٹو بھی پیش کیا جائے گا۔ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے ایک روز بعد یعنی17مئی کو وزیر اعظم اپنے عہدے سے دستبردار ہوجائیں گے ۔ اس موقع پر وہ ملک کی عوام سے وداعی خطاب کریں گے۔ واضح رہے کہ وزیرا عظم منموہن سنگھ دو میعاد(دس سال) مکمل کرنے کے بعد اپنے عہدہ سے دستبردار ہونے والے ہیں۔ وزیر اعظم اور کانگریس پارٹی کے درمیان بہترین تامل میل کو لے کر کانگریس حلقوں میں زبردست مسرت پائی جاتی ہے ۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم کے سابق مشیر کی جانب سے وزیر اعظم دفتر میں سونیا گاندھی کی مرضی کے مطابق فیصلے لئے جانے کے الزامات کو کانگریس نے یکسر مسترد کردیا تھا۔

PM sends farewell letters to various world leaders

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں