لوک سبھا انتخابات 8 واں مرحلہ - 64 حلقوں میں بھاری پولنگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-08

لوک سبھا انتخابات 8 واں مرحلہ - 64 حلقوں میں بھاری پولنگ

نئی دہلی
آئی اے این ایس/ یون این آئی
لوک سبھا انتخابات کے آٹھویں مرحلہ میں آج7ریاستوں میں64حلقوں کے لئے بھاری رائے دہی ہوئی۔ آندھرا پردیش میں تشدد کے چند ایک واقعات پیش آئے ۔ پولنگ کا آغاز صبح7بجے ہوا۔ بیشتر مقامات پر مراکز رائے دہی پر دوپہر تک مردو خواتین کی طویل قطاریں دیکھی گئیں ۔ جموں و کشمیر میں بارہمولہ کو چھوڑ کر دیگر تمام حلقوں میں بھاری پولنگ ہوئی۔ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے مغربی بنگال کی6نشستوں کے لئے"زبردست پولنگ"یعنی ابتدائی6گھنٹوں میں60فیصد پولنگ اور دیگر مقامات پر بھاری تا بہت زیادہ پولنگ کی اطلاع دی ہے ۔ یوپی میں جہاں15لوک سبھا حلقوں کے لئے رائے دہی ہوئی،2.62کروڑ ووٹرس کے مجملہ لگ بھگ56فیصد رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ پولنگ ،پرامن رہی ۔ کسی بھی جگہ سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی ۔ مذکورہ15نشستیں، یوپی کے17اضلاع میں پھیلی ہوئی ہیں ۔ یوپی کے2اسمبلی حلقوں رام پور خاص اور وشواناتھ گنج(پرتاپ گڑھ) کے ذیلی انتخابات میں لگ بھگ 50فیصد رائے دہی ہوئی۔ یوپی کے15حلقوں کے اہم امیدواروں میں راہول گاندھی ، ٹی وی اسٹار اور راجیہ سبھا رکن سمرتیایرانی(بی جے پی) اور شاعر کمار وشواس(عام آدمی پارٹی) شامل ہیں ۔ یہ تینوں ،امیٹھی سے مقابلہ کررہے ہیں۔ یوپی کے دیگر اہم امیدواروں کے نامیہ ہیں : ورون گاندھی(جنرل سیکریٹری بی جے پی ، حلقہ سلطان پور) مرکزی وزیر اور کانگریسی امیدوار بینی پرساد ورما(حلقہ گونڈہ)،صدر پردیش کانگریس نرمل کھتری (فیض آباد) ،کرکٹر سے سیاستداں بنے کانگریسی امیدوارمحمد کیف(پھول پور) ۔یوپی میں پولنگ کا یہ پانچواں مرحلہ تھا جس میں243امیدوار کے مقدر کا فیصلہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں مہربند کردیاگیا ہے۔243امیدواروں میں21خواتین اور ایک مخنث شامل ہیں ۔ یوپی کے حلقہ امیٹھی پر سب کی نگاہیں مرکوز ہیں ۔ اس حلقہ سے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کا مقابلہ بی جے پی کی سمرتی ایرانی اور عام آدمی پارٹی کے کمار وشواس سے ہے۔ راہول گاندھی نے آج پہلی بار پولنگ کے دن امیٹھی کا دورہ کیا جس سے اندازہ ہوتا تھا کہ وہ اپوزیشن کے تعلق سے سنجیدہ ہیں ۔ لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ساتھ سیما آندھرا علاقہ میں175اسمبلی حلقوں کے لئے بھی رائے دہی ہوئی۔ جموں و کشمیر کے حلقہ بار ہمولہ میں عسکریت پسندوں کے کل ہوئے حملوں کے خوف سے بیشتر رائے دہندے گھروں ہی میں بند رہے ۔ پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی(پی ڈی پی)،بارہمولہ کی یہ نشست ریاستی حکمراں نیشنل کانفرنس سے چھیننے کی کوشش کررہی ہے ۔ کشمیر کے ایک اور حلقہ لداخ میں جو بدھسٹوں کا اکثریتی علاقہ ہے ، بھاری پولنگ ہوئی ۔ پولنگ کے آٹھویں مرحؒ ہ میں64لوک سبھا حلقوں سے897امیدوار اپنے مقدر آزما رہے ہیں ۔ ان حلقوں کی ریات واری تفصیل درج ذیل ہے : آندھرا پردیش(25)،اتر پردیش(15)،بہار(7)،مغربی بنگال(6)،اتر کھنڈ(5)، ہماچل پردیش(4)، جموں و کشمیر(2)۔ مغربی بنگال میں اپوزیشن نے الزام لگایا ہے کہ ریاستی حکمراں ترنمول کانگریس کے کارکنوں نے دھاندلیاں کیں اور رائے دہندوں کو دھمکایا۔ مغربی بنگال کے6حلقوں میں اہل رائے دہندوں کی جملہ تعداد88لاکھ ہے۔ بہار کے7لوک سبھا حلقوں کے لئے پولنگ جاری ہی تھی کہ بی جے پی کے امیدوار وزارت عظمیٰ نریندر مودی نے والمیکی نگر میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس بھاگ رہی ہے۔ جذباتی مسئلہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے مودی نے کانگریس کی زیر قیادت یو پی اے حکومت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت نے سرحد جموں و کشمیر پر ہندوستانی سپاہیوں کا سر قلم کئے جانے کی ،پاکستانی سپاہیوں کی حرکت کے بعد بھی جوابی کارروائی نہیں کی ۔ شملہ سے موصولہ اطلاع کے بموجب ہماچل پردیش میں لوک سبھا کی4نشستوں کے لئے جہاں رائے دہندوں کی تعداد تقریباً50لاکھ ہے، شام 5بجے تک تخمیناً62.5فیصد رائے دہی ہوئی۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ کہ شام6بجے تک بھی جو رائے دہندے قطار میں کھڑے تھے، انہیں6بجے کے بعد بھی ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی ۔2009کے عام انتخابات میں یہاں رائے دہی کا فیصد58.35فیصد تھا ۔ اب یہ تناسب کافی بڑھ گیا ہے۔ سخت سیکوریٹی انتظامات کے بیچ شام6بجے تک پولنگ ہوئی جو پر امن رہی ۔ ہماچل پردیش میں ایک اسمبھلی حلقہ کے لئے ضمنی انتخاب بھی ہوا۔ قبل ازیں آج دن میں چیف منسٹر ہماچل پردیش ویر بھدرا سنگھ نے اپنے آبائی ٹاؤن رام پور بوشیر میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔ یہ ٹاؤن،پارلیمانی حلقہ منڈی میں شامل ہے ۔ قائد اپوزیشن پریم کمار دھومل نے سمیرپور(ضلع ہمیر پور) اور بی جے پی کے سینئر لیڈر شانتا کمار نے پالم پور(ضلع کانگرا)میں ووٹ دیا۔ دیر بھدرا سنگھ کی اہلیہ پرتبیھا سنگھ نے جو حلقہ لوک سبھا منڈی سے کانگریس کی امید وار ہیں اور ان کے فرزند وکرم آتیہ سنگھ نے رام پور بوشیر کے پولنگ بوتھ نمبر2پر ووٹ دیا ۔ بی جے پی کے امیدوار حلقہ کانگرا شانتا کمار نے اپنے آبائی مقام پالم پورہ میں ووٹ ڈالا۔

Heavy turnout in 64 constituencies in 8th phase of LS

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں