الیکشن کمیشن کسی سے خوفزدہ نہیں - چیف الیکشن کمشنر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-09

الیکشن کمیشن کسی سے خوفزدہ نہیں - چیف الیکشن کمشنر

نئی دہلی
پی ٹی آئی
الیکشن کمیشن نے وارانسی شہر میں نریندر مودی کو ریالی منعقد کرنے کی اجازت نہ دینے کے فیصلہ کو حق بجانب قرار دیا اور کہا کہ وہ کسی سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ کی مدافعت کی جنہیں برطرف کرنے کا بی جے پی مطالبہ کررہی ہے ۔ عجلت میں طلب کردہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت نے کہا کہ انہیں بی جے پی قائدین کی تنقیدوں سے مایوسی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین نے غیر ضروری اور انتہائی سخت ریمارکس کئے۔ وی ایس سمپت کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے پیشہ وارانہ تجویز کے مد نظر ریالی منعقد کرنے کی اجازت دینے سے انکار کیا، اس کو الگ رنگ دینے کی ضرورت نہیں ہے جہاں سلامتی کا مسئلہ پیش ہوتا ہے الیکشن کمیشن کو فطری طور پر پیشہ وارانہ مشورہ پر عمل کرنا پڑتا ہے ۔ اپنے دو ساتھی کمشنروں کے ساتھ صحافیوں سے بات کرتے وئے سمپت نے کہا کہ مقامی اتھاریٹی، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور ان کی ٹیم پر علاقہ کے امن و ضبط کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری ہے۔ضلع سطح پر جو فیصلہ لیا گیا ہے اس سے انحراف کا کوئی سوال نہیں ہے۔ الیکشن کمشنر کا یہ رویہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے وہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو برطرف کرنے بی جے پی کے مطالبہ سے متاثر نہیں ہوئے ہیں ۔ قبل ازیں بی جے پی نے مودی کو ریالی منعقد کرنے کی اجازت دینے سے انکار پر الیکشن کمیشن کو ہمہ رخی حملوں کا نشانہ بناتے ہوئے اس کی جانبداری پر سوال اٹھایا۔ ریٹرننگ آفیسر کو برطرف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دہلی میں احتجاج منعقد کیا گیا ۔ بی جے پی کے اعلی قائدین ،ارون جیٹلی ،امیت شاہ اور اننت کمار نے بنارس ہندو یونیورسٹی کے باہر دھرنا دیا ۔ دہلی میں کارکنوں نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کرنے کی کوشش کی لیکن دہلی پولیس نے انہیں کچھ دوری پر ہی روک لیا اور اس علاقہ میں امتناعی احکام نافذ کردئیے۔ مودی کی قیادت میں جو وارانسی سے بی جے پی کے امیدوار ہیں الیکشن کمیشن پر یہ حملے اس وجہ سے کئے جارہے ہیں کہ مقامی ریٹرننگ آفیسر پرنجل یادو نے بینیا باغ میں بی جے پی کو جلسہ عام کی اجازت دینے سے انکار کردیا ۔ بینیا باغ فرقہ وارانہ نوعیت کا حساس علاقہ ہے اور بی جے پی نے جلسہ منعقد رنے کے لئے اس علاقہ کا انتخاب کیا ہے۔ جیٹلی نے جو گزشتہ چند دنوں سے وارانسی میں کیمپ کئے ہوئے ہیں ٹوئٹر پر لکھا کہ کارکن ستیہ گرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن سے اپنی ناراضگی کو پوشیدہ رکھنے سے قاصر ہیں،جو لوگ دستوری عہدوں پر فائز ہیں انہیں دلیری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ بزدل لوگ اعلی عہدوں پر فائز نہیں رہ سکتے۔ جیٹلی نے الزام عائد کیا کہ مودی کو روکنے کے لئے الیکشن کمیشن سیکوریٹی کا بہانہ کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ سیکوریٹی کو یقینی نہیں بنا سکتے تو ملک بھر میں کس طرح انتخابات منعقد کراسکتے ہیں ۔ اگر انتخابات کو منصفانہ اور آزادانہ طریقے سے منعقد کرنا ہے تو پھر بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو اس کے حلقہ میں ریالی کی اجازت ملنی چاہئے۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کسی امیدوار سے اس کے حلقہ میں مہم چلانے کا حق نہیں چھین سکتا ۔ راہول گاندھی کو اگر وارانسی میں روڈ شو کی اجازت مل سکتی ہے تو مودی کو کیوں نہیں مل سکتی ۔ سیکوریٹی کارڈ کا استعمال جان بوجھ کر کیا جارہا ہے ۔ مودی کو بینیا باغ میں عوامی جلسہ کی اجازت نہ دئیے جانے کے خلاف احتجاج کرنے اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو ہٹانے کا مطالبہ پر زور دینے کے لئے بی جے پی نے وارانسی میں بھی احتجاج شروع کردیا ہے ۔ لنکا علاقے میں جاری اس دھرنے میں راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ارون جیٹلی ، بی جے پی کے جنرل سکریٹری اور ریاستی امور کے انچارج امیت شاہ ، بی جے پی کے پارلیمانی بورڈ کے جنرل سکریٹری اننت کمار اور ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمی کانت واجپائی بھی شامل ہیں ۔ اننت کمار نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کی اس جانبدارانہ رویہ کے خلاف احتجاج جاری رکھیں گے ۔ بی جے پی کو مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔ وارانسی میں12مئی کو رائے دہی منعقد ہونے والی ہے ۔

Election Commission rejects BJP’s charge of bias, says not afraid of anyone

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں