13/مئی کولکتہ یو۔این۔آئی
کلکتہ کارپوریشن میں کانگریس کے کونسلر پراکش اپادھیائے جنہوں نے شاردا چٹ فنڈ گھوٹالے میں میئر شوبھن چٹر جی کے رول پر سوال اٹھایا تھا ، نے آج سی بی آئی کے افسروں سے ملاقات کرکے ہزارہا کروڑ روپیہ کے اسکام میں ثبوت اور دستاویز سونپے۔ اپادھیائے نے میئر شوبھن چٹر جی پر الزام عائد کیا تھا کہ کارپوریشن نے ٹریڈ لائسنس داغی کمپنی کو دئیے ہیں۔ اس سلسلہ میں انہوں نے سی بی آئی کے آفس میں دستاویز اور ثبوت بھی جمع کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سی بی آئی کے افسروں سے کلکتہ میونسپل کارپوریشن نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شاردا گروپ کی کمپنی کو ٹریڈ لائسنس دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سی بی آئی سے کہا ہے کہ وہ تمام مشکوک افراد سے تفصیلی پوچھ تاچھ کریں تاکہ غریب افراد کی رقم کو لوٹا یا جاسکے ۔ اپادھیائے نے میٹنگ کے بعد کہا کہ وہ جلد ہی انفورسمنٹ ڈالریکٹوریٹ سے بھی رابطہ کریں گے ۔ سپریم کورٹ نے مفاد عامہ کی ایک عرضی کی سماعت کرتے ہوئے شاردا چٹ فنڈ اسکام کی سی بی آئی جانچ کا حکم دیا ۔ سی بی آئی نے کل ہی شاردا چٹ فنڈ اسکام کی جانچ کے لئے ایس آئی ٹی کی تشکیل کی ہے ۔ شاردا گھوٹالہ سامنے آنے کے بعد ہی مغربی بنگال حکومت نے جسٹس شیامل سین کی قیادت میں ایک کمیٹی کی تشکیل کی تھی ۔ مگر اب عدالت عظمیٰ نے سی بی آئی جانچ کا حکم دیا ہے۔ ہزارہا کروڑ روپیہ کے اسکام میں کمپنی کے چیئر مین سدیپتوسین اور ترنمول کانگریس سے معطل راجیہ ایم پی کنال گھوش اس وقت جیل میں ہیں۔ اسی دوران نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ کے مختلف زاویوں میں جانچ کی سمت متعین کرنے کے لئے مرکزی تفتیشی بیورو( سی بی آئی) کے اعلی عہدیداروں اور خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) کے عملہ کی میٹنگ جلد ہی ہونے والی ہے اور اس ماہ کے آخر تک از سر نو ایف آئی آر بھی درج ہوجائے گی ۔ سی بی آئی کے ذرائع نے آج بتایا کہ تفتیشی ایجنسی کے اعلی عہدیداروں اور گزشتہ روز تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی کے ممبروں کی عبوری میٹنگ کی کارروائی شروع ہوگئی ہے اور جلد ہی اس معاملہ کی تفتیش سے متعلق آئندہ کی حکمت عملی پر غور و خوض کیا جائے گا۔ سی بی آئی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ایس آئی ٹی شاردا چٹ فنڈاسکام سے متعلق تمام دستاویزات حاصل کرنے میں مصروف ہے اور آئندہ پندرہ دنوں کے اندر نئے سرے سے ایف آئی آر درج کرلی جائے گی ۔ مذکورہ عہدیدار کے مطابق ایس آئی ٹی اس معاملے کی جانچ پہلے سے مصروف ایجنسیوں سے بھی رابطہ کررہی ہے تاکہ اب تک ہونے والی تفتیش سے حاصل ہونے والی معلومات کو حاصل کیا جاسکے ۔ غور طلب ہے کہ سی بی آئی نے کڑوروں روپے کے شاردا چٹ فنڈ گھوٹالے کی جانچ کے لئے شمال مشرق کے جوائنٹ ڈائریکٹر راجیو سنگھ کی سربراہی میں ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے۔ ایس آئی ٹی میں مغربی بنگال ، شمال مشرق ، ادیشہ اور بہار کے اہلکاروں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ نے ۹ مئی کو اس معاملے کی جانچ کی ذمہ داری سی بی آئی کو سونپی تھی تھی۔ جس پر پہل کرتے ہوئے ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے ۔CBI probe in Sharda Scam
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں