عشرت جہاں کیس - امت شاہ کو سی بی آئی کی کلین چٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-08

عشرت جہاں کیس - امت شاہ کو سی بی آئی کی کلین چٹ

احمدآباد
پی ٹی آئی
سی بی آئی نے آج گجرات کے سابق وزیر داخلہ اور نریندر مودی کے قریبی مددگار امیت شاہ کو عشرت جہاں اور دیگر تین کے مبینہ فرضی انکاؤنٹر کیس میں کلین چٹ دے دی اور کہا کہ امیت شاہ کے خلاف چارج شیٹ داخل کرنے اس کے پاس مناسب ثبوت نہیں ہے ۔ سی بی آئی کے پی آئی وشواس کمار مینا نے آج یہاں خصوصی سی بی آئی عدالت میں داخل کردہ حلف نامے میں کہا کہ امیت شاہ کے خلاف کافی ثبوت نہیں ہیں اسی لئے سی بی آئی نے ان کے خلاف چارج شیٹ داخل نہیں کی ۔ سی بی آئی نے اپنے حلف نامے میں کہا" ہم پورے احترام کے ساتھ بیان کرتے ہیں کہ اس کیس کی ایف آئی آر میں امیت شاہ کا نام درج نہیں ہے ۔ سی بی آئی نے بھی انہیں بحیثیت ملزم چارج شیٹ میں نامزد نہیں کیا ہے"۔ انکاؤنٹر میں ہلاک جاوید شیخ عرف پرینش پلے کے والد گوپی ناتھ پلے امیت شاہ کو ملزم بنانے خصوصی سی بی آئی جج گیتا گوی کی عدالت سے رجوع ہوئے تھے۔ انہوں نے شہر کے سابق پولس کمشنر کے آڑ کوشک کو بھی انکاؤنٹر کیس کا ملزم بنانے کی درخواست کی تھی ۔ پلے نے معطل آئی پی ایس عہدیدار اور عشرت جہاں کیس کے ایک ملزم ڈی جی ونجارا کے مکتوب استعفیٰ کا اپنی درخواست میں حوالہ دیا تھا ۔ سی بی آئی نے اپنے حلف نامے میں مکتوب استعفیٰ کے بارے میں کہا"مذکورہ مکتوب عمومی نوعیت کے الزامات پر مبنی ہے اور اس سے ااس جرم کے بارے میں امیت شاہ کے کسی رول کے بارے میں ٹھوس معلومات حاصل نہیں ہوتیں۔" مکتوب موصول ہونے کے بعد سی بی آئی نے جیل میں ونجارا سے پوچھ گچھ کی ہے ۔ بہر حال پوچھ گچھ کے دوران انہوں نے کوئی مزید تفصیلات نہیں بتائیں ۔ ونجارا نے اپنے مکتوب میں کہا تھا کہ پولیس نے ریاستی حکومت کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے یہ انکاؤنٹر کیا تھا۔ سی بی آئی نے شہر کے اس وقت کے پولیس کمشنر کوشک کوبھی کلین چٹ دی ہے اور انہیں اس کیس میں گواہ بنایا ہے۔

CBI gives clean chit to Amit Shah in Ishrat Jahan encounter

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں