hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں 2014-apr-29 |
سیاست نیوز
مجید اللہ خان فرحت امیدوار مجلس بچاؤ تحریک حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ نے آج قرآن سر پر اٹھاتے ہوئے اللہ رب العزت کی جباریت و و قہاریت کو للکارتے ہوئے کہا کہ اسد الدین ، اکبر الدین اور ممتاز احمد خان جو الزامات عائد کررہے ہیں وہ سب جھوٹے ہیں اور دُعا کی کہ اگر ان الزامات میں ذرہ برابر بھی صداقت ہے تو اللہ انہیں ( فرحت خان) کو تباہ و تاراج کردے اور اگر یہ الزامات بے بنیاد ہیں تو ان الزامات کے عائد کرنے والوں کو اللہ نیست و نابود کردے ۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی کسی مسلم دشمن طاقت یا مسلم دشمن شخص سے کوئی مدد حاصل نہیں کی۔ جس وقت فرحت خان نے قرآن مجید سرپراٹھالیا اس کے ساتھ جلسہ میں موجود ہزاروں محبان تحریک کے علاوہ عوام نے آہ و بکا شروع کردی ، اسی شوروغل کے درمیان جناب مجید اللہ خان فرحت نے سرپر کلام مجید رکھ کر قسم کھائی اور کہا کہ ان پر دشمنان اسلام سے مفاہمت کے جو الزامات عائد کئے جارہے ہیں وہ سب جھوٹے ہیں ، قسم کے الفاظ کی ادائیگی کے دوران جناب مجید اللہ خان فرحت پھوٹ کر روپڑے جس کے ساتھ ہی مجمع بھی زاروقطار رونے لگا ۔
فرحت خان نے جذبات سے گلوگیر آواز میں کہا کہ وہ معصوم بچوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کے علاوہ ملت اسلامیہ کی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور ان پر مفاد پرست قائدین بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایجنٹ ہونے کا الزام عائد کررہے ہیں جبکہ ان کے میدان انتخاب میں آنے کا مقصد فرقہ پرستوں کا سر کچلنا ہے ۔ جناب مجید اللہ خان فرحت نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں یاقوت پورہ حلقہ اسمبلی کو منفرد ترقی کا حامل حلقہ اگر بناناہے تو مجلس بچاؤ تحریک کی کامیابی کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے تحریک پر بی جے پی کی مدد حاصل کرنے کا الزام عائد کرنے والے اسد الدین ، اکبر الدین اور ممتاز خان سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے ٹی وی پر مباحثہ کے چیلنج کو قبول کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ ایک ماہ سے وہ روزانہ مسلسل یہ واضح کررہے ہیں کہ وہ اسد الدین ،اکبر الدین کے ساتھ اتحاد اور جماعت کے نظریہ کے علاوہ کارکردگی پر 4 ٹی وی پر مباحث کیلئے تیار ہیں ۔ علاوہ ازیں انہوں نے دونوں بھائیوں کو مکہ مسجد آنے کی دعوت دی تاکہ منبر رسولؐ کے ذریعہ قوم کیلئے وقف ہونے کا اعلان کیا جاسکے لیکن ایسا بھی نہیں کیا گیا بلکہ ان کو مسجد جانے سے روکتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجلس اتحاد المسلمین کا نظریہ اولیاء دکن کا قائم کردہ نظریہ تھا اور بانی صدر مجلس اتحاد المسلمین مولانا بہادر یار جنگ نے ملت اسلامیہ کیلئے اپنے گھر کے علاوہ اثاثہ جات وقف کئے اور دارالسلام ملت کو بطور اثاثہ دیا ، اسی طرح صدیق دکن قاسم رضوی نے اپنے مقام لاتور میں واقع اپنی تمام جائیداد جماعت کیلئے وقف کردی تھی لیکن موجودہ قائدین اس نظریہ سے فرار اختیار کرتے ہوئے مجلس اتحاد المسلمین میں کانگریسی کلچر کر فروغ دے رہے ہیں ۔ مجید اللہ خان فرحت نے بتایا کہ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد کے دوہرے پن کا یہ عالم ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں تقریر کرتے ہوئے ہندوستان کے معاشی نظام میں بہتری کیلئے اسلامی بینک کاری نظام کو رائج کرنے کی بات کرتے ہیں جو کہ ایک حقیقت اور قابل ستائش کام ہے لیکن دوسری جانب سالانہ تقریباً 250کروڑ کی سودی آمدنی کے ذریعہ چلنے والے بینک کے ذمہ دار بھی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ دارالسلام کے نام سے موسوم بینک میں سب سے زیادہ سود ادا کرنے والوں کی تعداد مسلمانوں کی ہے ۔ جناب مجید اللہ خان فرحت نے موجودہ مجلسی قیادت کے ذمہ داروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بینک کواسلامی بینک میں تبدیل کرتے ہوئے مسلمانوں کے سود معاف کرنے کا اعلان کریں ۔
مولانا سید غلام صمدانی علی قادری نے اس موقع پر اپنے سحرانگیز خطاب کے دوران مجلس اتحاد المسلمین کی قیادت پر الزام عائد کیا کہ مجلس قیادت ایمان کے اسناد تقسیم کررہی ہے جو لوگ قائدین کی اتباع کرتے ہیں انہیں ایمان والا اور مخالفت کرنے والے کو کافر قرار دینا ان کا وطیرہ بن چکاہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اب جماعت سود خوروں کی سرپرستی کررہی ہے ۔ انہوں نے مجلس بچاؤ تحریک کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ گمراہ کن پروپگنڈہ کا شکار ہوئے بغیر جناب مجید اللہ خان فرحت کو کامیاب بنائیں چونکہ آپ انہیں ایوان میں اپنی نمائندگی کیلئے منتخب کررہے ہیں ، اسی لئے زیادہ سے زیادہ ووٹ سے ان کے انتخاب کو یقینی بنائیں ۔
مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی میں شعبۂ کمپیوٹر سائنس میں داخلے جاری ہیں۔ شعبہ میں انٹیگریٹیڈ 6 سالہ بی ٹیک۔ ایم ٹیک کورس کا اس سال آغاز کیا گیا ہے۔ ایسے طلبہ جنہوں نے ریاضی یا طبیعیات، کیمسٹری، ریاضی اور حیاتیات مضامین کے ساتھ 45% نشانات کے ساتھ 10+2 ، کامیاب کیا ہو ، بی ٹیک میں داخلہ کے اہل ہیں۔ اس کے علاوہ پالی ٹیکنیک کامیاب طلبہ میرٹ کی بنیاد پر انجینئرنگ کے سال دوم میں راست داخلہ حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ شعبہ میں ایم سی اے کورس بھی چلایا جارہا ہے۔ اس میں داخلہ کے لیے گریجویشن میں مجموعی طور پر 45 فیصد نشانات اور 10+2 یا گریجویشن میں ریاضی بطور مضمون پڑھے ہوئے طلبہ اہل ہیں۔ پی ایچ ڈی کمپیوٹرس سائنس کورس بھی جاری ہے۔ جس میں کمپیوٹر سائنس/ کمپیوٹر اپلیکیشن / متعلقہ مضمون میں ٹکنالوجی میں پوسٹ گریجویشن یا کمپیوٹر سائنس سے متعلق کسی بھی پوسٹ گریجویشن میں 55% نشانات کا حصول اور پراسپکٹس میں دی گئی ہدایات کے تحت داخلہ حاصل کرسکتے ہیں۔ پالی ٹیکنیک میں داخلے کی آخری تاریخ 12؍ مئی 2014ء ہے۔ پراسپکٹس مع درخواست فارم یونیورسٹی کیمپس‘ حیدرآباد‘ لکھنؤ کیمپس‘ کالجس آف ٹیچر ایجوکیشن‘ ریجنل/ سب ریجنل سنٹرس اور سٹی سنٹر‘ حج ہاؤز ‘ حیدرآباد پرشخصی طور پر بعوض 250/- روپے کے چالان یا بذریعہ ڈاک 300 روپے چالان کی ادائیگی پر حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ڈاؤن لوڈ کیے گئے فارم کے ساتھ 200 روپئے کا چالان منسلک کرنا ہوگا۔ (چالان فارم یونیورسٹی ویب سائٹ اور مصرحہ بالا مقامات پر دستیاب رہیں گے۔) چالان کے ذریعہ فارم کی قیمت سارے ہندوستان میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی کسی بھی شاخ / انڈین اوورسیز بینک ، گچی باؤلی برانچ (حیدرآباد) پر جمع کی جاسکتی ہے۔ مزید تفصیلات صدر شعبہ ڈاکٹر عبدالواحد سے موبائل نمبر 8297097786 پر یا شعبہ میں فون نمبرات 040-2300 8367, 2300 8332 سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔
Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city
No compromise with the enemies of Islam – Farhath Khan
MANUU Pr - Admissions in B.Tech-M.Tech
No compromise with the enemies of Islam – Farhath Khan
MANUU Pr - Admissions in B.Tech-M.Tech
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں