پرانے شہر کی خبریں - #oldcityHyd news ۔ 16-apr-2014 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-16

پرانے شہر کی خبریں - #oldcityHyd news ۔ 16-apr-2014


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2014-apr-16

اعتماد نیوز
صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسد الدین اویسی ایم پی نے رائے دہندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فرقہ پرست طاقتوں کو اقتدار پر آنے سے روکنے کے لئے حکمت عملی کے تحت اپنے ووٹ کا استعمال کریں ، بیرسٹر اسد اویسی جو کل شام حلقہ اسمبلی راجندر نگر کے مجلسی امیدوار جناب ذاکر حسین جاوید ایڈوکیٹ کے انتخابی جلسہ کو عطا پور ڈیویژن میں مخاطب کر رہے تھے، کہا کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں تلگو دیشم - بی جے پی اتحاد کو شکست دینا بھی رائے دہندوں کی ذمہ داری ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کے سیکولر رائے دہندوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں نریندر مودی کو حکومت تشکیل دینے سے روکیں ۔ انھوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی راجندر نگر میں کانگریس میں اس بات کی اہلیت نہیں ہے کہ وہ اس حلقہ سے تلگو دیشم - بی جے پی امید وار کو شکست دے سکے اور یہ کام مجلس اتحاد المسلمین ہی کر سکتی ہے۔ انھوں نے بی جے پی اور تلگو دیشم کے اتحاد کو فرقہ پرست اتحاد سے تعبیر کیا اور رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ ان دونوں جماعتوں کے اتحادی امیدوار کو شکست دے مجلسی امیدوار کو کامیاب بنائیں ۔

پریس نوٹ
اسٹوڈنٹس یونین طلبہ کیلئے تربیت گاہوں کا رول ادا کرتی ہیں
طلبہ کو قائدانہ صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا مشورہ ۔ اردو یونیورسٹی میں طلبہ یونین پروگرام سے اعلیٰ عہدیداران کا خطاب
یونیورسٹیوں میں اسٹوڈنٹس یونینز تربیت گاہوں کا رول ادا کرتی ہیں۔ میں اُمید کرسکتا ہوں کہ ہماری یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹ یونین سے بھی ایسے لیڈر ابھر کر آئیں گے جو ہندوستان کی سیاست میں اپنا لوہا منوائیں گے۔ اِن خیالات کا اظہار مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر خواجہ محمد شاہد نے یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کی جانب سے ڈی ڈی ای آڈیٹوریم میں منعقدہ ’مولانا آزاد مقابلوں‘ کی افتتاحی تقریب سے اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ اِس موقع پر مہمانِ اعزازی ایس کے جاگیردار، ضلع نائب صدر آل انڈیا اینٹی کرپشن کمیٹی اور یونیورسٹی رجسٹرار پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ نے بھی خطاب کیا۔ مقابلوں کی کڑی کے تحت آج اور کل مباحثہ بعنوان ’’نوجوان سیاست کے لئے حتمی حل‘‘ کا انعقاد عمل میں آرہا ہے اور مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں سے تعلق رکھنے والے شرکاء اپنے خیالات کا اظہار کرینگے ۔ ڈاکٹر خواجہ شاہد نے اسٹوڈنٹس یونین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگراموں سے بڑے بڑے مقاصد حاصل ہونگے اور مقابلوں کے انعقاد کو ایک اچھی پہل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اُمید کرتا ہوں کہ یونین ایسے تعمیری کاموں میں مصروف رہے گی۔ ڈاکٹر خواجہ شاہد نے کہا کہ عصر حاضر میں علم کو بانٹ دیا گیا ہے جو کہ کسی بھی لحاظ سے اچھی حکمت نہیں ہے۔ ہماری یونیورسٹی کی یہی کوشش ہے کہ ہم اُن تمام طلبہ کو تعلیم فراہم کریں جو عصری تعلیم حاصل کرنے کی چاہ رکھتے ہوں اور اِس میں مدرسوں سے تعلیم حاصل کرچکے طالب علم ہماری ترجیح میں شامل ہیں۔ انہوں نے مباحثہ میں حصہ لینے والے طلبہ کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ امتیازی پوزیشن حاصل کرنا الگ بات ہے مگر سب سے بڑی بات مباحثہ میں حصہ لینا ہے۔مہمانِ اعزازی ایس کے جاگیردار، ضلع نائب صدر آل انڈیا اینٹی کرپشن کمیٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کو نوجوان طبقہ کی ضرورت ہے اور نوجوانوں کو چاہیے کہ اپنی ضرورت کا احساس پیدا کرکے ہر ایک شعبہ میں آگے بڑھنے کی پہل کرے۔ انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں کرپشن اور دیگر سماجی برائیاں ہمارے ملک کے لئے بہت بڑے مسائل کی شکل میں حائل ہیں اور اِن مسائل کا حل صرف اور صرف نوجوان پود کی سیاست میں بڑھ چڑھ کر شرکت سے نکل آسکتا ہے۔ ایس کے جاگیردار نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ دوسروں کی مدد کا جذبہ اپنے اندر پیدا کرے اور جن نوجوانوں میں کچھ کرنے کی صلاحیتیں ہیں اُن کی ہمت افزائی کریں۔ پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، رجسٹرار نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک ملک کا مستقبل اُس کی نوجوان طبقہ پر منحصر رہتا ہے۔ اگر وہ آگے نہیں بڑھیں گے تو ملک کی ترقی رُک جانے کا خطرہ ظاہر سی بات ہے۔ انہوں نے مباحثہ کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ موضوع کا انتخاب وقت کی ضرورت ہے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام اللہ سے ہوا جس کا شرف حافظ ریاض کو حاصل ہوا۔ اسٹوڈنٹ یونین کے نائب صدر محمد عمران خان نے استقبالیہ کلمات پیش کئے جبکہ یونین کے صدر دانش خان نے ہدیہ تشکر پیش کیا۔ اِس موقع پر مہمانوں کو گلدستوں اور مومنٹوز سے نوازا گیا۔ نظامت کے فرائض عبدالماجد نے انجام دیئے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر 17؍ اپریل 2014ء 8:30 بجے شب، ڈی ڈی ای آڈیٹوریم میں کل ہند مشاعرہ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ملک بھر سے نامور شعرائے اردو اس مشاعرہ میں حصہ لیں گے۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں