بہار میں آج نتیش کمار اور مودی کی ریالیاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-02

بہار میں آج نتیش کمار اور مودی کی ریالیاں

نوادا(بہار)۔
(پی ٹی آئی)
بہارکے ضلع نوادا میں 2اپریل کو دو حریفوں نتیش کمار اور نریندر مودی(بی جے پی کے امیدوار وزارت عظمی) کا عملاً دور کا سامنا ہوگا۔ آنے والے لوک سبھا انتخابات کیلئے مہم زور پکڑتی جارہی ہے۔ دونوں ہی قائدین کی ریالیاں نوادا میں کل منعقد ہونے والی ہیں لیکن ان ریالیوں کے درمیان 3گھنٹوں کا فرق ہے۔ نتیش کمار کی ریالی نذری گنج کے مقام پر صبح 11:30 بجے منعقد ہوگی۔ یہ مقام ضلع ہیڈ کوارٹر سے 25 کلو میٹر دور ہے۔ مودی کا جلسہ، نوادا ٹاون میں دوپہر 2:30 بجے مقرر ہے۔ دونوں مقامات کے درمیان 25کلو میٹر کا فاصلہ ہے۔ دونوں قائدین کے درمیان مخالفت، اب کوئی راز نہیں ہے۔ گذشتہ سال 16 جون کو این ڈی اے میں پھوٹ کے بعد دونوں قائدین نے کبھی دوبدو ملاقات نہیں کی۔ نریندر مودی، بہار کے سابق وزیر گری راج سنگھ کی تائید میں مہم چلانے کیلئے نواراد ہیں جبکہ نتیش کمار، جنتادل (یو) امیدوار کوشل یادو کے حق میں مہم چلائیں گے۔ دونوں قائدین یعنی نتیش کمار اور نریندر مودی نے ایک دوسرے پر تنقید کاک وئی موقع ضائع نہیں کیا ہے۔ نریندر مودی نے بہار میں اپنی سابقہ ریالیوں میں چیف منسٹر بہار پر شدید تنقیدیں کی ہیں اور یہاں کی ترقی کے ان کے دعویٰ کا مضحکہ اڑایا ہے و نیز کمار پر "دغابازی" کا الزام بھی لگایا ہے۔ اس کے بالمقابل نتیش کمار نے بھی زبردست جوابی وارکیا ہے اور کہا ہے کہ گجرات کی ترقی کا ماڈل منفی اعداد و شمار کا حامل ہے۔ نتیش کمار نے نریندر مودی کی تاریخی اور جغرافیائی معلومات کا بھی مذاق اڑایا اور مودی کی تقاریر کے نقائص پر نکتہ چینی کی۔ اسی دوران نوادا ٹاون میں کل دونوں اہم سیاسی قائدین کی آمد پر پولیس نے زبردست چوکسی اختیار کرلی ہے اور کہا ہے کہ سارے ضلع نوادا میں معقول سکیورٹی انتظامات کرلئے گئے ہیں۔ نوادا میں داخل ہونے والی اور یہاں سے نکلنے والی تمام گاڑیوں کی احتیاط کے ساتھ تلاشی لی جارہی ہے۔ ریلوے اسٹیشنوں پر بھی قریبی نظر رکھی گئی ہے اور مسافرین کی مناسب تلاشی لی جارہی ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں