ممبئی میں خاص آدمی پارٹی کا قیام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-02

ممبئی میں خاص آدمی پارٹی کا قیام

ممبئی۔
(آئی اے این ایس)
اروند کجریوال کی عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کو اب ایک مقابلہ کنندہ کا سامنا ہوسکتا ہے۔ ممبئی میں آج ایک پارٹی "خاص آدمی پارٹی" کا قیام عمل میں آیا اور اس پارٹی نے الیکشن کمیشن سے خواہش کی ہے کہ اس کو انتخابی نشان "کچرے کی کنڈی" الاٹ کیا جائے۔ تاہم پارٹی کے بانی مرزا دس ہزاری نے یقین دلایا ہے کہ اے اے پی سے ان کا کسی بھی انداز میں مقابلہ نہیں ہے۔ انہوں نے آئی اے این ایس کو بتایاکہ "ہم تمام غریبوں، پچھڑے عوام اور ایسے کمزور ترین طبقات کے کاز کو آگے بڑھائیں گے جو سماج کے کچرے کی کنڈیوں تک پہنچ گئے ہیں۔ ایسے عوام ہماری اصل طاقت ہوں گے اور ان کے مسائل پر ہماری خصوصی توجہ ہوگی۔ ہمارے لئے ملک میں ہر "عام آدمی" ایک "خاص آدمی" ہوگا۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ بالی ووڈ میں مرزا دس ہزاری کی کبھی بہت مانگ تھی اور وہ ممتاز اداکاروں جیسے دلیپ کمار اور دیو آنند و نیز ممتاز قانون داں رام جیٹھ ملانی کے ملبوسات کی سلوائی کیا کرتے تھے۔ انہوں نے اگرچہ موجودہ مرحلہ پر کوئی وعدہ کرنے پر آمادگی ظاہر نہیں کی تاہم کہاکہ خاص آدمی پارٹی ابتدا جاریہ سال کے اواخر میں مہاراشٹرا کے اسمبلی انتخابات سے انتخابی میدان میں قدم رکھنا چاہتی ہے اور پھر دیگر ریاستوں میں قدم رکھ سکتی ہے۔ مرزا دس ہزاری، یوپی کے ضلع فیض آباد سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ 50برس قبل ممبئی منتقل ہوئے اور قلابہ میں تاج محل ہوٹل کی ایک دکان میں ٹیلر۔ ڈریس ڈیزائنر بن گئے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں