حالیہ پارلیمانی انتخابات میں ہزاروں ووٹرس کے نام حذاف ہو جانے کی شکایت عام ہونے پر مقامی الیکشن کمیشن نے 18 مئی سے شکایتوں کے ازالہ کے لئے " خصوصی مہم" شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ شہر کے اسسٹنٹ الیکشن آفیسر وپرانت سندیپ پاٹل کی ایما ءپر متعلقہ محکمہ نے اخبارات کے لئےاعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق مالیگاؤں سینٹرل اور آؤٹر حلقہ اسمبلی کے ووٹر لسٹ کی درستگی کے لئے مہم چلائی جائے گی۔ اعلامیہ کے مطابق مہم کے دوران باتصویر ووٹر لسٹ میں پائے جانے والے نقائص اور خامیوں کو درست کیا جائے گا۔ خاص طور سے ناموں کی صحیح ترتیب پتہ اور تصویر کی درستگی سب سے اہمیت کا حامل ہوگی ۔ ایسے ووٹرس جن کے ناموں کی املا درست نہیں ہے وہ سب سے قبل اس مہم کے دوران اپنے ناموں کی درستگی کو ترجیح دیں۔
شہر کے سینٹرل حلقہ اسمبلی کے ہزاروں نام ووٹر لسٹ سے حذف کئے جانے پر غور و خوض کرنے اور درپیش مسائل کے سد باب کے مقاصد کے پیش نظر کانگریس رابطہ آفس پر پارٹی کے لیڈروں اور ورکروں کی مشاورتی میٹنگ ہوئی جس میں پارٹی کے صدر آصف شیخ رشید نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان سے مسلم ووٹرس کے نام حذف ہونے کی شکایت ذیاد ہ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند مہینوں میں اسمبلی الیکشن ہوگا، قبل از وقت اس بات کی کوشش کرنا ہے کہ جن رائے دہندگان کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کئے گئے ہیں انہیں دوبارہ شامل کیا جائے تاکہ آئندہ انتخاب میں وہ حق رائے کا استعمال کر سکیں ۔
انہوں نے مزید کہاکہ مسلم علاقوں کی فہرست رائے دہندگان میں پائی جانے والی بے ترتیبی کے بارے میں مقامی الیکشن محکمہ کو بار بار توجہ مبذول کرانے کے باوجود کوئی عملی اقدام نہیں ہوتا اور ہر الیکشن میں مسلمانوں کے ساتھ سوتیلا سلوک ہوتا ہے۔ ایک حلقے کے ووٹر کانام دوسرے حلقہ میں ڈال دیا جاتا ہے اور جب شکایت کی جاتی ہے تو متعلقہ محکمہ توجہ نہیں دیتا۔ اس تعلق سے قومی اور ریاستی الیکشن کے نام شکایتی مکتوبات روانہ کئے جا چکے ہیں ۔ انہوں نے متنبہ کیاکہ اگر تحریری شکایتوں پر اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے دھیان نہیں دیا تو ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کے تحت عرضداشت بھی داخل کی جائے گی ۔
فہرست رائے دہندگان میں نام ، پتہ ، تصویر اور دیگر اہم تفصیلات کی درستگی کے لئے خصوصی مہم کا اعلان ہوتےہی کانگریس پارٹی نے ورکروں پر مشتمل کئی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جن میں شامل رضاکار سرکاری ملازمین کے ساتھ ووٹر لسٹ کی درستگی میں معاونت کریں گیں۔ پارٹی صدر کے مطابق ووٹروں کے مسائل کے حل کے لیے کانگریس ورکروں کی مضبوط ٹیم خصوصی مہم کے دوران بلا معاوضہ صرف قومی مفادات کی خاطر اپنی خدمات انجام دے گی۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں