ایڈیٹر سیاست زاہد علی خان تلگو دیشم سے مستعفی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-08

ایڈیٹر سیاست زاہد علی خان تلگو دیشم سے مستعفی

Zahid-ali-khan-editor-siasat
اردو روزنامہ "سیاست" کے ایڈیٹر زاہد علی خان رسمی طور پر آج تلگو دیشم پارٹی سے مستعفی ہو گئے۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ تلگو دیشم کے سمجھوتے کے خلاف احتجاج کیا۔
زاہد علی خان نے ٹی ڈی پی اور اس کی پولٹ بیورو کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے مکتوب استعفیٰ بذریعہ فیکس ٹی ڈی پی ہیڈ کوارٹر کو روانہ کر دیا ہے۔ تلگو دیشم پارٹی بی۔جے۔پی کے ساتھ دوبارہ اتحاد کے لیے تیار ہو گئی تھی جس کے بعد زاہد علی خان گذشتہ چند ماہ اس سے دور رہے۔ 2009 میں زاہد علی خان نے حیدرآباد سے لوک سبھا کے لیے مقابلہ کیا تھا لیکن انہیں ناکامی ہوئی تھی۔ حال ہی میں ان کے فرزند عامر علی خان وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔ وہ سکندرآباد پارلیمانی حلقہ سے 30/ اپریل کے انتخابات میں مقابلہ کے لیے کوشاں ہیں۔

دریں اثنا سیاست نیوز کے بموجب جناب زاہد علی خاں نے مکتوب استعفیٰ میں صدر پارٹی مسٹر چندرا بابو نائیڈو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے بی جے پی سے اتحاد کرکے دراصل نریندر مودی کے وزیراعظم بننے کی تائید کی ہے اور یہ وہی نریندر مودی ہیں جن کی قیادت میں 2002 ء گجرات فسادات ہوئے تھے ۔ یہاں آج تک متاثرین کو انصاف نہیں مل سکا ۔ گجرات کے حالات اور مسلمانوں کی تکالیف کے علاوہ نریندر مودی کے کردار کا آپ (چندرا بابو نائیڈو) کو بخوبی اندازہ ہے اس کے باوجود فرقہ پرست جماعت کے ساتھ اتحاد کرتے ہوئے آپ نے نہ صرف پارٹی سے وابستہ سیکولر کارکنوں بلکہ کروڑہا سیکولر بہی خواہوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے ۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ ملک کے سیکولر کردار کا تحفظ ان کی اولین ترجیح رہے گی اور وہ اس کیلئے انتھک کوشش کرتے رہیں گے ۔

Zahid Ali khan quits TDP over its tie-up with BJP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں