پاکستانی بس ڈرائیور کا بیٹا - اپنی محنت کے بل بوتے پر برطانیہ کا وزیر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-12

پاکستانی بس ڈرائیور کا بیٹا - اپنی محنت کے بل بوتے پر برطانیہ کا وزیر

Sajid-Javed-MP-British-Minister
پاکستان میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ ایک عام آدمی صرف اپنی محنت اور صلاحیتوں کے بل بوتے پر کسی بھی شعبے میں کامیاب نہیں ہوسکتا لیکن یورپی ممالک میں معاشی لحاظ سے پسماندہ طبقے کے افراد کے حکومتی سطح پر بڑے عہدوں تک پہنچنے کی مثالیں عام ملتی ہیں ایسی ہیی ایک مثال برطانیہ میں سامنے آئی ہے جہاں ایک پاکستانی بس ڈرائیورکا بیٹا ترقی کرتے کرتے آج ملک کا وزیر ثقافت بن گیا ہے۔
عرب ویب سائٹ کے مطابق کنزرویٹیو پارٹی کے ساجد جاوید کے والد آج سے کم و بیش 54 برس قبل جب برطانیہ آئے تو ان کے پاس صرف ایک پاؤنڈ تھا، یہاں آکر انہوں نے بس ڈرائیونگ کی اور قصب حلال سے ناصرف اپنا گھر چلایا بلکہ اپنے 5 بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ بھی کیا۔ 1969 میں برطانیہ ہی میں پیدا ہونے والے ساجد جاوید نے تمام تر معاشی مسائل کے باوجود سیاسیات اورمعاشیات میں اعلیٰ ڈگریاں حاصل کیں۔ اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر وہ صرف 24 برس کی عمر میں برطانیہ کے چیز مینہیٹم بینک کے نائب صدر بنے۔ وہ اس عہدے پر کام کرنے والے کم عمر ترین شخص تھے۔
ساجد جاوید دوران تعلیم بھی کنزرویٹیو پارٹی کے پلیٹ فارم سے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہے تھے تاہم 2009 میں انہوں نے بینکاری کا شعبہ چھوڑ دیا اور کنزرویٹیو پارٹی میں باضابطہ طور پر شامل ہوکر عملی سیاست میں قدم رکھا۔ 2010 میں وہ برومزگروو سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے اور اب برطانوی وزیر اعظم نے انہیں ملک کا وزیرِثقافت مقرر کردیا ہے۔ وہ نشریات، کھیل، سیاحت، ٹیلی کام، نسلی، جنسی اور مذہبی مساوات اور ادب کے شعبے بھی دیکھیں گے، وزیر ثقافت بننے کے ساتھ ہی ساجد جاوید کو برطانیہ کے پہلے ایشیائی نژاد مرد کنزرویٹو وزیر بننے کا بھی اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔
بحیثیت وزیر تقرری کے بعد ساجد جاوید کا کہنا تھا کہ انہوں نے اب تک جو بھی حاصل کیا اپنی محنت اور برطانوی نظام کی بدولت ہے، وہ اپنی اس کامیابی کو زندگی کا سب سے بڑا اعزاز سمجھتے ہیں۔ بحیثیت وزیر اپنی تمام ذمہ داریوں کو احسن طریقے سےنبھانے کی کوشش کریں گے۔

Pakistani-British Sajid Javed becomes U.K’s Culture Minister

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں