مودی کو وزیر اعظم دیکھنے پاکستان کی خواہش - ٹیلیگراف رپورٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-24

مودی کو وزیر اعظم دیکھنے پاکستان کی خواہش - ٹیلیگراف رپورٹ

پاکستان نریندر مودی کو ہندوستان کے آئندہ وزیراعظم کے طور پر دیکھنے کا خواہشمند ہے۔ برطانوی روزنامہ دی ٹیلیگراف نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد کا خیال ہے کہ مابعد گودھرا تشدد (2002) کی اجازت دینے کے الزام کا حامل شخص "ایک ایسا طاقتور لیڈر ہے جس کے ساتھ امن مذاکرات کی ضرورت ہے"۔
اخبار نے پاکستانی سفارتکاروں کے حوالے سے بتایا کہ "پاکستان چاہتا ہے کہ ہندو قوم پرست نریندر مودی ہندوستان کے وزیر اعظم بن جائیں کیونکہ پھر وہ امن مذاکرات کے لیے درکار مستحکم قیادت فراہم کریں گے۔" پاکستان کی فوج بھی ہندوستان کے ساتھ امن کے حق میں ہے۔ روزنامہ ٹیلیگراف کے نامہ نگار ڈین نیلسن اور جاوید صدیق نے اپنے ڈسپاچ میں لکھا ہے کہ حال حال تک بھی بی جے پی لیڈر کو ایک "بین الاقوامی اچھوت" سمجھا جاتا تھا۔ اب جیسے جیسے مودی کی مہم تیز ہوتی جا رہی ہے سینئر پاکستانی عہدیداروں نے ٹیلیگراف سے کہا ہے کہ وہ نہ صرف یہ سمجھتے ہیں کہ مودی ہندوستان کے آئندہ وزیراعظم ہوں گے بلکہ مودی فی الحققیت اسلام آباد کی "ترجیحی پسند" ہیں۔ گزشتہ ستمبر میں نواز شریف نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سنجیدہ ، محتاط اور تعمیری بات چیت پر زور دیا تھا حالانکہ نواز شریف کے عہدیداروں نے اس بارے میں شبہات کا اظہار کیا تھا اور خیال ظاہر کیا تھا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی زیر قیادت کانگریسی حکومت اس قدر کمزور ہے کہ ہندوستان میں عام انتخابات سے عین قبل (بات چیت میں) کوئی پیشرفت نہیں ہوگی۔
یہاں یہ تذکرہ بےجا نہ ہوگا کہ 1998 میں ہندوستان میں اٹل بہاری واجپائی کی زیرقیادت بی جے پی کے برسراقتدار آنے کے بعد ہند-پاک تعلقات میں بہتری پیدا ہوئی تھی اور دوسرے ہی سال 1999 میں واجپائی نے اس وقت کے وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے ساتھ نیوکلیر تصادم سے گریز کے اعلامیہ پر دستخط کیے تھے۔

Pakistan 'backs Narendra Modi' as India's next prime minister

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں