کانگریس اور بی جے پی میں خفیہ مفاہمیت کا الزام - کجریوال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-30

کانگریس اور بی جے پی میں خفیہ مفاہمیت کا الزام - کجریوال

اروند کجریوال نے آج جاسوسی تنازعہ اوررابرٹ وڈرا معاملہ اٹھاتے ہوئے کانگریس اور بی جے پی پر ماقبل انتخابات خفیہ مفاہمت رکھنے کا الزام عائد کیااور کہا وہ ان دونوں مسائل پر ایک دوسرے کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کررہی ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی سوال کیا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی بی جے پی کے وزارتِ عظمیٰ امید وار نریندر مودی نے ایک دوسرے کے حلقوں میں انتخابی مہ کیوں نہیں چلائی ۔ کجریوال نے چیف منسٹر گجرات کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کو واڈرا مسئلہ پر اپنا موقف واضح کرنا چاہئے ۔ اگر بی جے پی اس مسئلہ پر واقعی سنجیدہ ہے تو پھر بی جے پی زیر قیادت راجستھان کی حکومت ان کے خلاف ایف آئی آر درج کیوں نہیں کرتی ۔بی جے پی اور کانگریس نے ایک دوسرے سے ہاتھ ملا لیا ہے۔ وہ صرف ایک دوسرے کے خلاف تبصرے کرتے رہتے ہیں لیکن ان کی پارٹی کی زیر قیادت حکومتیں اپنے آدمیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتیں۔ کجریوال نے کہا کہ اگر میں شیلا دکشت اور مکیش امبانی کے خلاف ایف آئی آر درج کراسکتا ہوں تو بی جے پی زیر قیادت حکومت کیوں گذشتہ چار ماہ کے دوران راجستھان اور واڈرا کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کرسکی ۔ کجریوال نے کانگریس کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس زیر قیادت یوپی اے حکومت اڈانی مسئلہ پر اگر واقعی سنجیدہ ہے تو وہ سی بی آئی کو ان کے رول کی تحقیقات کا حکم کیوں نہیں دیتی ۔ وہ(بی جے پی اور کانگریس) کچھ نہیں کرتے بلکہ صرف ایک دوسرے کے خلاف تبصرے کرتے رہتے ہیں ۔ کجریوال نے یہاں ان کی پارٹی کے والنیٹرس پر حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے غنڈے وارانسی کے عوام اور عام آدمی پارٹی کے حامیوں میں خوف کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔ دہلی کے سابق چیف منسٹر نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کارکن وارانسی کے مختلف علاقوں میں عام آدمی پارٹی کے کارکنوں کو زدوکوب کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تشدد وارانسی کاکلچر نہیں ہے ۔ بی جے پی وارانسی میں دہشت گردی کا ماحول پیدا کررہی ہے ۔

Kejriwal slams Congress, BJP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں