چاندنی چوک میں کجریوال کا روڈ شو - زبردست ہجوم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-02

چاندنی چوک میں کجریوال کا روڈ شو - زبردست ہجوم

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
نئی دہلی کے حلقہ چاندنی چوک کے علاقہ برٹانیہ چوک میں آج عام آدمی پارٹی لیڈر (اے اے پی) اروند کجریوال کے روڈ شو میں عوام کا زبردست جوش و خروش دیکھا گیا اور یہ شرکا، صدر اے اے پی کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے چین تھے۔ کجریوال کے ساتھ جب زائداز 20کاروں کا قافلہ اس تنگ علاقہ کی گلیوں سے ہوکر گذار تو مقامی عوام اپنے مکانوں کی چھتوں اور کھڑکیوں سے کجریوال کو اشتیاق کی نظروں سے دیکھنے لگے اور انہیں دیکھ کر خوشی سے اپنے ہاتھ ملانے لگے۔ سابق چیف منسٹر دہلی کے اس روڈ شو کے سبب ٹریفک میں خلل بھی پڑا اور کئی مسافرین کو ٹریفک میں پھنس جانا پڑا۔ راہ گیروں کو بھی اپنی منزلوں کو پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کاروں کے قافلہ میں سب سے آگے ایک کھلی جیپ تھی جس میں کجریوال سوار تھے۔ ان کے ساتھ اے اے پی کے امیدوار حلقہ چاندنی چوک اشوتوش بھی تھے۔ انہوں نے بھی اپنا ہاتھ ہلاکر ہجوم کے خیرمقدم کا جواب دیا اور بعض مقامی افراد سے مصافحہ بھی کیا۔ ایک 62سالہ شخص رشی کمار نے بتایاکہ "ہم کجریوال کیلئے ووٹ دیں گے کیونکہ وہ صاف ستھرا ریکارڈ رکھتے ہیں اور ایک موقع دئیے جانے کے مستحق ہیں"۔ کجریوال نے سمراٹ سنیما ہال کے قریب واقع برٹانیہ چوک سے اپنے روڈ شو کا آغاز کیا۔ کجریوال کے قافلہ کے ساتھ پولیس کا معقول بندوبست تھا۔ یہ قافلہ ، اے ۔ بلاک مدر ڈیری اور سرسوتی چوک جیسے نہایت گنجان علاقوں سے ہوکر گذرا۔ کجریوال نے صحافی سے سیاستداں بنے آشوتوش کے حق میں ووٹ دینے کیلئے عوام سے اپیل کی۔ انہوں نے برقی اور پانی پر سبسیڈی کو ختم کرنے کیلئے کانگریس اور بی جے پی کو ذمہ دار گردانا اور کہاکہ اگر وہ (کجریوال) برسر اقتدار آجائیں تو سبسیڈی (پھر) شروع کریں گے۔ تاخیر سے موصولہ اطلاع کے بموجب کجریوال نے روڈ شو کے دوران اپنی 49 روزہ حکومت کے کارناموں کی ستائش کی اور چیف منسٹر کے عہدہ سے اپنی سبکدوشی کی وجوہات کو انصاف پر مبنی قراردیا۔ پتیم پورہ جیسے بعض مقامات پر روڈ شو کے تعلق سے عوام کا ردعمل ملا جلا یا نسبتاً کم رہا۔ چاندنی چوک کے مختلف اسمبلی حلقوں سے ہوتے ہوئے یہ روڈ شو گذرا۔ گذشتہ دو روز کے دوران دہلی کے عوام سے رابطہ کیلئے یہ کجریوال کی دوسری کوشش رہی۔ کل انہوں نے مغربی دہلی کے پارٹی امیدوار جرنیل سنگھ کی ریالی سے خطاب کیا۔ کجریوال نے چیف منسٹر کے عہدہ سے اپنے استعفیٰ کو حق بجانب قرار دینے کی کوشش کی اور کہاکہ "اپوزیشن کے لوگ مجھے بھگوڑا کہتے ہیں لیکن میں انہیں بتادینا چاہتا ہوں کہ میں بھاگا نہیں ہوں۔ بی جے پی اور کانگریس کے ان لوگوں نے مجھے کام کرنے نہیں دیا۔ میں ایک بل بھی منظور کرانہیں سکا اس لئے میں نے استعفیٰ دے دیا ۔

Arvind Kejriwal's road show in Chandni Chowk attracts huge crowd

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں