عام آدمی پارٹی کے کمار وشواس کی انتخابی مہم - سمرتی ایرانی پر طعنہ زنی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-02

عام آدمی پارٹی کے کمار وشواس کی انتخابی مہم - سمرتی ایرانی پر طعنہ زنی

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
اداکار سے سیاست داں بنی سمرتی ایرانی کو امیٹھی سے بی جے پی امیدوار بنائے جانے کے ساتھ ہی ان کے اور عام آدمی پارٹی لیڈر کمار وشواس کے درمیان لفظی جنگ چھڑ گئی ہے۔ سمرتی ایرانی کو امیٹھی سے بی جے پی امیدوار بنائے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کمار وشواس نے کہا تھا کہ اب چاہے ایرانی یا پاکستانی، اٹالین آئے یا امریکن، امیٹھی کے عوام پہلے ہی فیصلہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امیٹھی اداکاروں سے بیزا ہوچکی ہیں۔ راہول گاندھی سیاسی ایکٹر ہیں اور اب ایرانی آئی ہیں جو ٹی وی اداکارہ ہیں۔ بہرحال ہم ان کا استقبال کرتے ہیں کیونکہ جمہوریت میں سب کو انتخاب لڑنے کی آزادی حاصل ہے۔ بی جے پی نے کل سمرتی ایرانی کو کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے خلاف امیدوار بنانے کا فیصلہ کیاتھا۔ وشواس نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور کانگریس کے درمیان وارانسی اور امیٹھی کی نشستوں پر مفاہمت ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میرے خیال میں بی جے پی اپنی ساکھ بچانے کی کوشش کررہی ہے یا پھر احمد انکل( احمد پٹیل) کے ذریعہ کوئی گٹھ جوڑ ہوا ہوگا کہ آپ ہمیں وارانسی دے دیں اور ہم آپ کو امیٹھی دے دیں گے۔ دوسری طرف کمار وشواس کے طعنہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سمرتی ایرانی نے کہاکہ عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے درمیان جو مفاہمت ہے اس سے سبھی واقف ہے۔ جب انہوں نے دہلی میں حکومت تشکیل دی تھی تو یہ مفاہمت نمایاں ہوگئی تھی۔ انہوں نے کمار وشواس کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہاکہ جہاں تک وشواس کا تعلق ہے مجھے ان سے عزت و احترام کی ذرہ برابر توقع نہیں تھی۔ اس لئے بھی کیونکہ میں ایک عورت ہوں۔ وہ خواتین کی توہین کرنے کی تاریخ رکھتے ہیں اور یہ معاملہ کئی چینلوں پر بحث کا موضوع رہ چکا ہے۔ (واضح رہے کہ کمار وشواس نے اس سے پہلے کیرالا کی نرسوں کے بارے میں توہین آمیز تبصرہ کیا تھا اور کئی ٹی وی چینلوں پر اس مسئلہ پر کافی مباحث ہوئے تھے۔) سمرتی ایرانی نے کہاکہ میرے شخصی پس منظر کے بارے میں ان کی معلومات بہت کم ہیں۔ وہ مجھے ایرانی اور پاکستانی کہہ رہے ہیں۔ میں صرف اتنا کہوں گی کہ صرف کانگریس اور بی جے پی کے درمیان مقابلہ ہپے۔ پارٹی کی جانب سے کل رات سمرتی ایرانی کو امیدوار بنائے جانے کا اعلان کرنے کے بعد ایرانی نے کہا تھا کہ خاندان کے نام پر امیٹھی کے عوام کو طویل عرصہ سے ترقی کے ثمرات سے محروم رکھا گیا ہے۔ میرے خیال میں یہ انتہائی شرمناک ہے۔ انہوں نے کہاتھا کہ نریندر مودی کی زیر قیادت اس ملک میں ایک بڑی تبدیلی آئے گی۔ واضح رہے کہ سمرتی ایرانی ٹی وی کے مقبول سیریل "کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی" میں بہو کا کردار نبھاتے ہوئے ملک بھر میں مقبول ہوئی تھیں۔ یہ سیرئیل لگ بھگ 8سال تک ٹی وی پر پیش کیا جاتا رہا تھا جس کی وجہہ سے سمرتی ایرانی ہر گھر میں ایک جانا پہچانا چہرہ بن چکی تھیں۔ سال 2002ء میں گجرات فسادات کے بعد انہوں نے مودی پر تنقیدیں کی تھیں لیکن اب وہ مودی کی ستائش کررہی ہیں۔

Amethi: AAP's Kumar Vishwas slams Smriti Irani

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں