US defence chief Hagel warns Beijing over territorial claims
امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے چین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ سرحدی تنازعات کے حل کیلئے روس کے کریمیا جیسے اقدام سے اجتناب کریں۔ جاپان کے دورے پر موجود ہیگل نے اپنے اتحادی جاپان کیلئے 2جنگی بحری جہاز بھیجنے کا بھی اعلان کیا۔ گذشتہ کچھ عرصہ سے بیجنگ اور ٹوکیو کے مابین مشرقی چینی سمندر کے جزائر سے متعلق سمندری تنازعہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے۔ ہیگل نے کریمیا کی مثال کو چین کے اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ سرحدی تنازعات سے جوڑتے ہوئے کہاکہ چھوٹے ممالک بھی اتنے ہی خود مختار ہیں جتنا کہ بڑے ممالک۔ انہوں نے کہاکہ طاقت کے ذریعہ قوموں کو ہراساں نہیں کیا جاسکتا اور یہ بات پیسفیک کے چھوٹے جزائر پر بھی لاگو ہوتی ہے اور یوروپی ممالک پر بھی۔ امریکی وزیر دفاع بعدازاں بیجنگ پہنچیں گے۔ امریکی وزیر دفاع کا سہ روزہ دورہ چین، واشنگٹن حکومت کی درخواست پر بیجنگ نے منظور کیا ہے۔ اس دورے کے دوران چک ہیگل، چین کے واحد طیارہ بردار بحری جہاز لیا وننگ پر بھی جائیں گے۔ چینی طیارہ بردار جہاز پر قدم رکھنے والے وہ پہلے غیر ملکی سرکاری مہمان ہوں گے۔ اس دورے میں امریکی وزیر دفاع چینی حکام کے ساتھ جنوبی چینی سمندرکے تنازعہ پر خاص طورپر بات کریں گے۔




کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں