اعظم خان کے خلاف غازی آباد میں ایف آئی آر درج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-13

اعظم خان کے خلاف غازی آباد میں ایف آئی آر درج

لکھنو۔
(یو این آئی)
الیکشن کمیشن کی ہدایت پر غازی آباد کے ضلع حکام نے آج یوپی کے وزیراقلیتی بہبود اعظم خان کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کرلی۔ الیکشن کمیشن نے کارگل جنگ پر متنازعہ تبصرہ کے سبب ان پر جلسہ یا روڈ شوکر نے پر پابندی لگادی تھی۔ اعظم خان نے8اپریل کو غازی آباد میں پارٹی کے امیدوار ناہید حسن کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کارگل جنگ مسلم فوجیوں نے جیتی تھی۔ کانگریس اور بی جے پی نے ان پر اس بیان کے سلسلہ میں سخت تنقید کی تھی اور الزام عائد کیاتھاکہ وہ انتخابات کو فرقہ وارانہ رنگ دے رہے ہیں۔ دونوں جماعتوں نے ان کے خلاف الیکشن کمیشن میں بھی شکایت درج کرائی تھی۔ پی ٹی آئی کے بموجب ایف آئی آر درج کئے جانے کے باوجود اعظم خان اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ مسوری پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او سبودھ نے بتایاکہ اعظم خان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 153A (مذہب یا نسل کی بنیاد پر مختلف گروپس میں دشمنی کو فروغ دینا)، 153B ، 295A اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ آج رامپور میں تقریر کرتے ہوئے اعظم خان نے کہاکہ انہوں نے کوئی غلط بات نہیں کی اور وہ قوم پرست ہیں۔ الیکشن کمیشم کی جانب سے پابندی عائد کئے جانے کے بارے میں انہوں نے کہاکہ کمیشن کا یہ اقدم قبل ازوقت ہے کیونکہ انہیں اپنی بات پیش کرنے کا موقع نہیں دیاگیا۔ وہ کمیشن سے اپنے فیصلہ پر نظر ثانی درخواست کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ میرے خیال میں درج کی گئی ایف آئی آر میں مجھے ماخود کرنے ایک بھی قابل اعتراض نکتہ نہیں ہے۔ آپ ہی مجھے بتائیں، کیا یہ اقدام منصفانہ ہے۔ اعظم خان نے کہاکہ یہ فاشسٹ طاقتوں کی سازش ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر میں نے کیا کیا ہے۔ میری غلطی صرفع اتنی ہے کہ میں مظلوموں کی آواز ہوں۔ انہوں نے کہاکہ فاشسٹوں سے متاثر نہ ہوں۔ میں چھوٹے سے گھر میں رہتا ہوں اور سادہ زندگی گذارتا ہوں۔ مجھ سے زیادہ بڑا قوم پرست کون ہوگا۔ جن لوگوں نے اپنے بیرونی بینک کھاتوں میں ڈھیر ساری رقم جمع کی ہے وہ حب الوطنی کے بارے میں میرے احساسات پر سوال نہیں اٹھاسکتے۔

FIR against Azam Khan for his Kargil remarks

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں