آندھرا پردیش میں انتخابی تیاریاں مکمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-24

آندھرا پردیش میں انتخابی تیاریاں مکمل

آندھرا پردیش میں پہلے اور دوسرے مرحلہ کے انتخابات کے انتظامات تقریباً مکمل ہو چکے ہیں۔ تلنگانہ اور سیما آندھرا دونوں علاقوں میں پارلیمنٹ اور اسمبلی کی جملہ نشستوں سے 4510 امیدوار انتخابی میدان میں قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ چیف الکٹورل آفیسر آندھرا پردیش بھنور لال نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلہ کے تحت تلنگانہ کے 17 پارلیمانی حلقوں سے 265 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ سیما آندھرا کے 25 پارلیمانی حلقوں سے 333 امیدوار انتخاب لڑ رہے ہیں۔ اس طرح سے ریاست بھر کے 42 پارلیمانی نشستوں سے 598 امیدوار مقابلہ کریں گے۔ تلنگانہ کی 119 اسمبلی کی نشستوں سے 1669 امیدوار اور سیما آندھرا کی 175 اسمبلی نشستوں سے 2243 امیدوار میدان میں ہیں ، یعنی ریاست میں 294 بشستوں کے لیے 3912 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ اسمبلی اور پارلیمنٹ دونوں کو ملا کر 4510 امیدوار میدان میں ہیں۔
چیف الکٹورل آفیسر نے مزید بتایا کہ تلنگانہ میں عنبرپیٹ ایسا حلقہ ہے جہاں سب سے زیادہ 32 امیدوار مقابلہ کر رہے ہیں جبکہ سیما آندھرا میں کرنول کی نشست سے 36 امیدوار میدان میں ہیں اس طرح کرنول امیدواروں کی زیادہ تعداد کے سلسلہ میں سرفہرست ہے۔ پہلے اور دوسرے مرحلہ کی رائے دہی کے اوقات صبح 7 تا شام 6 بجے مقرر ہے تاہم نکسلائٹس سے متاثرہ علاقوں میں رائے دہی صرف 4 بجے تک ہوگی۔ ریاست میں 71,222 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ پہلے مرحلہ کے تحت تمام حلقوں میں تقریباً 50 فیصد ووٹر سلپس کی تقسیم مکمل ہو چکی ہے۔ مابقی 50 فیصد 25/ اپریل تک مکمل کر لی جائے گی۔ دوسرے مرحلہ کے تحت 25/اپریل سے ووٹر سلپس کی تقسیم کا آغاز عمل میں آئے گا۔

Elections Arrangements in AP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں