امیت شاہ کی نفرت انگیز تقریر - الیکشن کمیشن کی نوٹس جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-08

امیت شاہ کی نفرت انگیز تقریر - الیکشن کمیشن کی نوٹس جاری

EC-issues-notice-to-Amit-Shah
الیکشن کمیشن نے بی جے پی کے امیدوار وزارت عظمی نریندر مودی کے قریبی ساتھی امیت شاہ کے نام نوٹس جاری کردی ہے اور یوپی کے مظفر نگر علاقہ میں ان کی (شاہ کی) نفرت انگیز تقریر پر اندرون 2یوم نوٹس کا جواب دینے کی خواہش کی ہے۔ امیت شاہ، یوپی میں بی جے پی کی مہم کمیٹی کے انچارج ہیں۔ انہوں نے اپنی تقریر میں مبینہ طورپر کہا تھا کہ الیکشن "اُس توہین کا بدلہ لینے" کا موقع ہے جو گذشتہ ستمبر میں مفر نگر فسادات کے دوران کی گئی تھی۔ فسادات میں لگ بھگ 60 افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہوگئے ہیں۔ امیت شاہ نے گذشتہ جمعرات کو اپنی (نفرت انگیز) تقریر میں کہا تھا کہ "اترپردیش، بالخصوص مغربی اترپردیش میں یہ انتخابات، وقار کا مسئلہ ہیں۔ یہ بدلہ لینے اور ان لوگوں کو سابق سکھانے کا ایک موقع ہیں جنہوں نے نا انصافی کا ارتکاب کیا ہے"۔ امیت شاہ نے فسادات میں بدترین طورپر متاثرہ ایک علاقہ شاملی میں مہم چلاتے ہوئے نفرت انگیز ریمارکس کئے تھے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ نریندر مودی نے جنہوں نے آج پارٹی کے انتخابی منشور کے اجراء کے موقع پر اخبار نویسوں سے خطاب کیا، نقصان کو کم کرنے کی کوشش کی اور کہاکہ "میں بدنیتی سے کام نہیں کروں گا"۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کا احساس ہے کہ امیت شاہ کے ریمارکس، مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہیں۔ اس ضابطہ اخلاق کی رو سے ایسی تقاریر پر امتناع ہے جن سے مختلف فرقوں کے درمیان نفرت پیدا ہوتی ہو۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے امیت شاہ کی مبینہ تقاریر کے ٹیپس کا جائزہ لینے کے بعد شاہ کے خلاف ایف آئی آر درج کیا جاچکا ہے۔ غازی آباد سے پی ٹی آئی کی ایک اطلاع کے بموجب سماج وادی پارٹی کے لیڈر اعظم خان نے نریندر مودی کے قریبی دوست کو نمبر 1غنڈہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امیت شاہ اترپردیش میں دہشت گردی کیلئے آئے ہیں۔ مسلم اکثریتی علاقے منصوری میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے اعظم خان نے کہاکہ انہیں بڑا افسوس ہورہا ہے کہ امیت شاہ کو وہ غنڈہ کہنے کیلئے مجبور ہوگئے ہیں کیونکہ جس شخص پر قتل، غارت گری، لوٹ مار اور عصمت ریزی کے الزامات لگائے گئے ہوں اسے شخص کو غنڈہ ہی کہا جاسکتا ہے۔ نفرت اور تشدد کے سوائے بی جے پی کا کوئی ایجنڈہ نہیں۔

Amit Shah faces Election Commission notice for hate speech in Muzaffarnagar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں