مسلمانوں کو دوسرے درجہ کا شہری بنانا بی جے پی کا ایجنڈا - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-07

مسلمانوں کو دوسرے درجہ کا شہری بنانا بی جے پی کا ایجنڈا - کانگریس

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
مظفر نگر فسادات کا انتقال لینے امیت شاہ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کانگریس نے کہاکہ بی جے پی اور سنگھ پریوار کا اصلی چہرہ بے نقاب ہوگیاہے۔ شہادت بابری مسجد کے واقعہ پر کوابر پوسٹ کی جانب سے کئے گئے اسٹنگ آپریشن میں جو کچھ افشا کیا گیا ہے، امیت شاہ کے بیان سے وہ تمام واقعات درست ثابت ہورہے ہیں کہ بی جے پی اور سنگھ پریوار اس ملک کیلئے بہت بڑا خطرہ بن گئے ہیں۔ فرقہ پرست بی جے پی کا ایجنڈہ سب کے سامنے آگیا ہے۔ کانگریس ترجمان ابھیشیک سنگھوی نے کہاکہ ایک ریٹائرڈ جج نے جو شہادت بابری مسجد کی تحقیقات کمیٹی میں شامل تھے، اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اسٹنگ آپریشن میں جو کچھ دکھایا گیا وہ صحیح واقعات پر مبنی ہیں۔ ہندوتوا ایجنڈہ کو نافذ کرنے کیلئے بی جے پی، آر ایس ایس اور وی ایچ پی کے ہزاروں لاکھوں کارکن اترپردیش اور ملک بھر میں مہم چلارہے ہیں تاکہ فرقہ وارانہ منصوبہ پر عمل کیا جائے۔ آر ایس ایس کے بانی ہیڈ گیوار اور سوامی گولوکر نے کہاتھا کہ اس کی اقلیتیں دوسرے درجہ کے شہری ہیں۔ ایل کے اڈوانی نے اپنے زہریلے عزائم کے تحت رتھ یاترا شروع کی تھی۔ شہادت بابری مسجد میں ان کا کلیدی رول تھا۔ ان کی اس رتھ یاترا کا واحد مقصد یہی تھا کہ ملک میں فرقہ وارانہ جذبات بھڑکائے جائیں اور بی جے پی کو اقتدار حاصل ہو۔ بڑے افسوس کی بات ہے کہ سنگھ پریوار اور بی جے پی نے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی تھی کہ بابری مسجد کی شہادت ایک اتفاقی واقعہ تھا، جب کہ کوبرا پوسٹ کے اسٹنگ آپریشن نے ثابت کردیا کہ مسجد منصوبہ بند سازش کے تحت شہید کردی گئی۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کیا تھا کہ مسجد شہید نہیں کی جائے گی۔ اس کے باوجود سنگھ پریوار کے سرکردہ قائدین بشمول اڈوانی نے عدالت عظمی کو دھوکہ دیا۔ اس طرح ہندوستان دنیا کا وہ پہلا ملک بن گیا ہے جس کے قائدین نے سپریم کورٹ کو دھوکہ دیا ہو۔ اپنے فرقہ وارانہ عزائم کی تکمیل کیلئے امیت شاہ اور تمام سنگھ پریوار انتخابی مہم کیہ بہانے زہر افشانی کررہے ہیں۔ آر ایس ایس کے کارکن کھلے عام یہ نعرے لگارہے ہیں کہ ہندو بھائی بھائی، چپہ چپہ بول رہا ہے بھاجپا بھاچپا۔ کانگریس ترجمان ابھیشک سنگھوی نے کہاکہ ملک کے عوام بی جے پی پر کبھی بھروسہ نہیں کرے گی۔ عوام کو کانگریس پر پورا پورا بھروسہ ہپے۔ بی جے پی کی سب سے بڑی کمزوری یہ ہے کہ وہ اعتماد سے محروم ہیں۔ خسارہ اعتماد کے احساس سے بی جے پی بوکھلا گئی ہے اور مایوسی کے عالم میں وہ شدت سے الزامات کی بوچھار کررہی ہے۔ مسلمانوں کو سیاسی دھارے سے الگ تھلگ رکھنے اور ہندو ووٹ بینک قائم کرنے کیلئے سنگھ پریوار، فرقہ پرستی کا زہر گھول رہا ہے۔ کانگریس نے اترپردیش کی حکومت اور الیکشن کمیشن پر زوردیا کہ وہ فوری امیت شاہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ چلائیں۔

Congress slams Modi's aide Shah's 'revenge' remark

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں