آندھرا پردیش دیہی مجالس مقامی انتخابات - 80 فیصد پولنگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-07

آندھرا پردیش دیہی مجالس مقامی انتخابات - 80 فیصد پولنگ

حیدرآباد۔
(آئی اے این ایس۔ پی ٹی آئی)
ریاست کے ضلع پریشد اور منڈل پریشد انتخابات کے پہلے مرحلہ کے تحت آج 80فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی ۔ ریاست کے طول و عرض میں چھوٹے موٹے واقعات کو چھوڑ کر رائے دہی پرامن رہی۔ انتخابی عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر 5بجے پلونگ کا عمل ختم ہوگیا ۔557 ضلع پریشد اور 8,250 منڈل پریشد اداروں کیلئے انتخابات منعقد ہوئے۔ پہلی مرتبہ ووٹ دینے والے رائے دہندوں اور خواتین میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا۔ کیونکہ یہ انتخابات 7سال کے وقفہ کے بعد منعقد ہوئے تھے۔ ریاستی الیکشن کمیشن پی رما کانت نے بتایاکہ معمولی واقعات کو چھوڑ کر رائے دہی پرامن رہی۔ انہوں نے بتایاکہ بعض مقامات پر زائد از80 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔ حساس مقامات پرسخت سکیورٹی انتظامات میں رائے دہی ہوئی۔ رما کانت ریڈی نے انتخابی عمل کا وقفہ وقفہ سے جائزہ لیا اور کئی پولنگ مراکز سے راست ویب کاسٹ کے ذریعہ ووٹنگ کا مشاہدہ کیا۔ 22اضلاع کے 534 منڈلوں میں 26,742 پولنگ مراکز پر صبح کے اوقات میں رائے دہندوں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں۔ الیکشن کمیشن کے بموجب پنچایت راج انتخابات میں 4.13 کروڑ رائے دہندوں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں۔ الیکشن کمیشن کے بموجب پنچایت راج انتخابات میں 4.13 کروڑ رائے دہندے پولنگ میں حصہ لینے کے اہل تھے۔ یو این آئی کے بموجب 3پولنگ اسٹیشنوں میں دوبارہ رائے دہی کے احکام جاری کئے گئے ہیں۔ چندمقامات پر حریف گروپس کے درمیان جھڑپ کے واقعات پیش آئے جس میں 4افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ کئی مواضعات میں عوام نے انتخابات کابائیکاٹ کیا، کیونکہ رائے دہندوں نے قبل ازیں انتخابات میں کئے گئے وعدے تاحال پورے نہیں کئے۔ انتخابات کیلئے 95 ہزار پولیس جوانوں کی خدمات حاصل کی گئیں۔ اس کے علاوہ اسپیشل اور نیم فوجی فورسس کی 20 کمپنیاں بھی تعینات کی گئیں۔ دیہی مجالس مقامی کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ 11اپریل کو منعقد شدنی ہے۔ ریاست بھر میں 1096 ضلع پریشد اور 16,589 منڈل پریشد ادارے ہیں۔ سپریم کورٹ کے احکام پر ان اداروں کے انتخابات منعقد کئے جارہے ہیں۔ شہری مجالس مقامی کے انتخابات کے ایک ہفتہ بعد ہی دیہی مجالس مقامی کے انتخابات ہوئے۔ واضح ہوکہ ریاست کی146 بلدیات اور 10 میونسپل کارپوریشنوں کیلئے گذشتہ اتوار کو رائے دہی ہوئی تھی۔ ہائی کورٹ کے احکام پر شہری مجالس مقامی کے انتخابات بھی تقریباً 7سال کے عرصہ کے بعد منعقد کئے گئے۔ شہری و دیہی دونوں انتخابات کے نتائج اس ہفتے جاری کئے جانے تھے، تاہم سپریم کورٹ نے ریاستی الیکشن کمیشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ 7مئی سے پہلے نتائج کا اعلان نہ کریل کیونکہ یہ نتائج عام انتخابات پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ ریاست میں اسمبلی ولوک سبھا انتخابات دو مرحلوں میں منعقد شدنی ہیں۔ تلنگانہ میں 30 اپریل کو اور سیما آندھرا میں 7مئی کو رائے دہی مقرر ہے۔

80 percent polling in Andhra rural local body polls

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں