آندھرا پردیش کی تقسیم - زائد فورسس کا تخمینہ کرنے کی ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-02

آندھرا پردیش کی تقسیم - زائد فورسس کا تخمینہ کرنے کی ہدایت

حیدرآباد۔
(یو این آئی)
گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے پرنسپال سکریٹری داخلہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاست کی تقسیم کے پیش نظر زائد فورسس کی ضروریات کا تخمینہ کرے۔ انہوں نے عہدیداروں سے ریاست میں خواتین کے تحفظ سے متعلق بڑھتی ہوئی تشویش اور سائبر آباد علاقہ میں انفارمیشن ٹکنالوجی صنعت کی دیگر سکیورٹی ضرورتوں جیسے چیالنجس کا سامنا کرنے کی بھی ہدایت دی۔ پرنسپال سکریٹری داخلہ ٹی پی داس نے آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کے اصولوں کے تحت پولیس فورس اور متعلقہ تنظیموں کی تفصیلات سے گورنر اور گورنر کے مشیر اے این رائے کو واقف کروایا۔ انہوں نے بتایاکہ 2جون 2014 ء سے 3برسوں تک مرکزی حکومت، موجودہ گرے ہانڈس ٹریننگ سنٹرس کی دیکھ بھال اور ان کے انتظامیہ کی ذمہ داری ہوگی۔ اسی طرز کا آندھراپردیش ریاست میں بھی عصری ٹریننگ سنٹر قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ شفاف انداز میں مختلف اہم امور کی تکمیل کیلئے مخصوص وقت کا تعین کردیاگیا ہے۔ 30اپریل تک قابل متبدل اور غیر متبدل اثاثہ جات سے متعلق فائلس کو ڈیجٹیلائز کرنے اور ان کی فوٹو کاپیز کے علاوہ ریکارڈس کا کام مکمل کرلیاجائے گا۔ انہوں نے ڈی جی پی ، انٹلی جنس، سی آئی ڈی اور اے پی ایس پی کیلئے دستیاب موجودہ دفاتر کو عارضی طورپر دونوں ریاستوں کی جانب سے مشترکہ طورپر استعمال کرنے کی تجویز پیش کی۔ آندھراپردیش اسپیشل پولیس کی تنظیم جدید کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے پرنسپال سکریٹری نے بتایاکہ اے پی ایس پی، لاء اینڈ آرڈر کی برقراری میں اہم رول ادا کرتی ہے جبکہ اہم تنصیبات، اداروں اور وی وی آئی پیز کو سکیورٹی فراہم کرتی ہے۔ کمیٹی نے گرے ہانڈس، آکٹوپس، اسپیشل انٹلی جنس بیورو، کاونٹر انٹلی جنس، اسٹیٹ کرائم ریکارڈس بیورو، فنگر پرنٹس بیورو، ایس پی ایف ٹریننگ سنٹر اور دیگر خدمات کو تنظیم جدید قانون کے شیڈول ایکس میں شامل کرنے کی بھی تجویز پیش کی۔ پرنسپال سکریٹری داخلہ نے کہاکہ یوم تاسیس کیلئے مقررہ دن کے بعد بھی اے پی اسٹیٹ پولیس ہاوزنگ کارپوریشن لمیٹیڈ کو اپنا کام جاری رکھنا چاہئے۔ اے پی پولیس اکیڈیمی، اے پی فارنسک سائنس لیباریٹری، اے پی فائر سرویس اور سیول ڈیفنس ٹریننگ انستی ٹیوٹ کے علاوہ دیگر اداروں کی جانب سے شیڈول ایکس کے تحت اندرون ایک سال دونوں ریاستی حکومتوں کے درمیان طئے پائے جانے والے معاہدہ کے تحت خدمات فراہم کی جانی چاہئے۔ چیف سکریٹری پی کے موہنتی، ڈی جی پی بی پرساد راؤ، سینئر پولیس آفیسرس جے وی رامڈو، ایم مہندر ریڈی اور دوسروں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں