سیاسی پارٹیوں کیلئے خواتین کا 7 نکاتی مطالباتی منشور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-02

سیاسی پارٹیوں کیلئے خواتین کا 7 نکاتی مطالباتی منشور

نئی دہلی۔
(یو این آئی)
ملک کی نصف آبادی نے 16ویں لوک سبھا کیلئے انتخابی میدان میں اتری تمام سیاسی پارٹیوں اور امیدواروں کے سامنے خواتین کے ریزرویشن بل کو پیش کرنے ، تشدد کے خاتمہ اور غیر منظم سیکٹر میں یکساں تنخواہ نافذ کرنے سمیت سات نکاتی مطالبات پیش کئے ہیں۔ تقریباً 70 سے زیادہ خواتین تنظیموں اور معروف خواتین کی جانب سے دستخط شدہ اس مطالبہ نامہ میں خواتین ریزرویشن بل پاس کرنے کے ساتھ ہی تمام کمیٹیوں اور پالیسی ساز اداروں میں خواتین کی نمائندگی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ خواتین اور بچے بچیوں کے خلاف تشدد ختم کرنے کیلئے قانون پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے منصوبہ تیار کرنے، تشدد کی شکار خواتین کی مالی امداد دینے اور اس طرح کے معاملے کیلئے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرنے کو بھی کہا گیا ہے۔ شوہر کے ذریعہ بیوی کے جنسی استحصال کو جرم کے دائرے میں لانے کیلئے قانون میں ترمیم کرنے، ہم جنس پرستوں کے ساتھ تفریق ختم کرنے اور 16سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو ان کی مرضی سے جنسی تعلق قائم کرنے کی قانونی چھوٹ دینے کا بھی مطالبہ کیاگیا۔ اس مطالبہ نامہ میں ناموس کی خاطر کئے جانے والے قتل کو روکنے کیلئے سخت قانون بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ ہر علاقے میں خصوصاً غیر منظم سیکٹر میں خواتین ملازمین کیلئے یکساں کام کیلئے یکساں تنخواہ پالیسی کو عملی جامہ پہنانے، مائیکے اور سسرال میں املاک میں یکساں حقوق دینے، خواتین کیلئے پنشن منصوبہ، آشاہ اور آنگن واڑی ملازمین کو سرکاری ملازمین کا درجہ دینے کی بھی آواز بلند کی گئی۔ خواتین کے تحفظ کیلئے بنے، نئے قوانین کو سختی سے نافذ کرنے میں پولیس انتظامیہ کی جوابدہی طے کرنے کو کہا گیا۔ دیہی علاقوں سمیت مختلف مقامات پر خواتین کیلئے بیت الخلاء اور ان کے محفوظ سفر کا بھی مطالبہ کیاگیا۔ غیر سرکاری تنظیم ایکشن ایڈ کی طرف سے گذشتہ جمعہ سے منعقدہ تین دنوں کے غور وخوص کے بعد یہ مطالبہ تیار کیا۔ اس پر دستخط کرنے والی اہم تنظیموں کے نام اس طرح ہیں۔ نیشنل فیڈریشن آف دلت وومن، نیشنل لائنس آف وومن، سنٹر فار ایڈ ووکیسی اینڈ ریسرچ پیپلز یونین آف سول لبرٹیز، نیشنل الائنس آف پیپلز موومنٹ، جاگوری، سنگت ساؤتھ ایشیا، آواز، استری تنظیم، پدم بھوشن دیوا کی جین، پدم شری جوہی جین اور رتھ منورما۔

70 Women wings 7-point demand for political parties

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں