جموں و کشمیر اردو زبان کی محفوظ پناہ گاہ - عالمی اردو ٹرسٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-09

جموں و کشمیر اردو زبان کی محفوظ پناہ گاہ - عالمی اردو ٹرسٹ

سرینگر۔
(صریر خالد۔ ایس این بی)
ہندوستان میں اردو کی ترقی و ترویج کیلئے سرگرم عالمی اردو ٹرسٹ نے جموں کو کشمیرکو اردو زبان کی محفوظ پناہ گاہ قرار دیتے ہوئے ریاست میں اپنی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کیاہے۔ ٹرسٹ نے کہا ہے کہ اردو زبان کشمیریوں کی اپنی زبان نہ ہوتے ہوئے بھی ریاست کی مادری زبان کی طرح ہی یہاں مقبول ہے اور یہ کہ کشمیری عوام اس زبان سے محبت کرتے ہیں۔ عالمی اردو ٹرسٹ نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران تنظیم کے باب کشمیر کی تشکیل و آغاز کے موقع پر ان مشاہدات کا اظہار کیا اور کہاکہ ریاست میں اردو اور اردو داں حلقے کے مفاد میں ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے چےئرمین اے رحمن نے کہاکہ اردو کے زبردست احسانات کے باوجود فی الوقت اس زبان کی حالت انتہائی خستہ ہے اور اسے کئی طرح کی سازشوں کا سامنا ہے تاہم انہوں نے کہاکہ اردو کی زوال پذیری میں خود اردو داں طبقے کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اردو داں حلقہ اپنے بچوں کو اردوکی جانب راغب کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھا رہا ہے بلکہ الٹا یہ لوگ اپنے بچوں کو اردو سے دور کررہے ہیں۔ جموں و کشمیر میں اردو کی صورتحال کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ کشمیری لوگ اردو کے ساتھ اس قدر محبت رکھتے ہیں کہ یہاں کی مادری زبان نہ ہوتے ہوئے بھی یہ یہاں کی مادری زبان کی طرح ہے۔ اے رحمن نے رواں سال نومبر میں کرشن چندر کی اردو کے تئیں خدمات کو اجاگر کرنے کیلئے سرینگر میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کا بھی اعلان کیا اور کہاکہ اس تقریب میں نامور اردو شخصیات کی شمولیت متوقع ہے۔ اس موقع پر عالمی ٹرسٹ کے کشمیر باب کیلئے ایگزیکٹیو کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں غلام نبی خیال، نور شاہ، بشیر عارف، جاوید آزاد اور ایاز رسول ناز شامل ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں