سیما آندھرا کو خصوصی زمرہ کے موقف کو منظوری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-03

سیما آندھرا کو خصوصی زمرہ کے موقف کو منظوری

مرکزی کابینہ نے آج رات ایک اہم فیصلہ کیا جس کے تحت سیما آندھرا علاقہ کو 5برسوں کیلئے خصوصی زمرہ کا موقف دیا جائے گا۔ کابینہ نے حال ہی میں منظورہ آندھراپردیش تنظیم جدید بل میں بھی دو ترمیمات کو منظوری دیتے ہوئے متعلقہ علاقوں کے شکوک و شبہات کا ازالہ کیا ہے۔ پہلی ترمیم کے تحت پولا ورم پاور پراجکٹ کے باعث بے دخل افراد کی باز آبادکاری کی جائے گی۔ جبکہ دوسری ترمیم تلنگانہ اور سیما آندھرا کے درمیان نیشنل تھرمل پاور کارپوریشن جیسی مرکزی شعبہ کی کمپنیوں کی جانب سے تیار کی جانے والی بجلی کی حصہ داری سے متعلق ہے۔ مرکزی کابینہ کے دو گھنٹے طویل اجلاس میں وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی جانب سے سیما آندھرا علاقہ کو خصوصی زمرہ کا موقف عطا کرنے کے اعلان کو منظوری دی گئی۔ سیما آندھرا علاقہ 13 اضلاع پر مشتمل ہے اور خصوصی زمرہ کا موقف 5برسوں کیلئے ہوگا۔ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی وزیر دیہی ترقیات جئے رام رمیش نے بتایاکہ کابینہ نے وزیراعظم کے اعلان کے مطابق سیما آندھرا کے 13 اضلاع کو خصوصی زمرہ کا موقف عطا کرنے سے متعلق فیصلہ پر عمل آوری کی منصوبہ بندی کمیشن کو ہدایت دی ہے۔ منصوبہ بندی کمیشن انتظامی مجلس ہوگی جس کے ذریعہ مرکزی امداد فراہم کی جائے گی۔ مذکورہ تجویز میں 6نکاتی ترقیاتی پیاکج بھی شامل ہے جو سیما آندھرا کو دیا جائے گا جس میں ٹیکس ترغیبات بھی شامل ہیں۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد دوسری ریاست کے پسماندہ علاقوں کیلئے خصوصی ترقیاتی پیاکیج پہلے ہی بل میں فراہم کیا گیا ہے۔ یہ پیاکیج کے بی کے (کوراپٹ، بولانگیر، کلا ہانڈی کے خطوط پر ہے۔ مرکزی کابینہ نے ایک اور ترمیم کا بھی فصیلہ کیا ہے جس کے تحت مرکزی شعبہ کے یونٹس کی جانب سے تیار کردہ 85 فیصد برقی آبادی کے مطابق دونوں ریاستوں کو تقسیم کی جائے گی۔ جبکہ 15 فیصد گذشتہ 5برسوں کے دوران اس کے حقیقی استعمال پر ہوگی۔ تلنگانہ بل میں یہ تجویزپیش کی گئی کہ گذشتہ 5برسوں کے دوران برقی کے استعمال کی بنیاد پر اس کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ جئے رام رمیش نے بتایاکہ عہدیداروں کی تقسیم سے متعلق کمیٹی کل سے اپنا کام شروع کردے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نئی ریاست کے دارالحکومت کی نشاندہی کیلئے جلد ہی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں جئے رام رمیش نے بتایاکہ تقسیم کی تاریخ سے متعلق اعلامیہ یوپی اے کے دور حکومت میں ہی جاری کیا جائے گا۔

Cabinet nod to special category status to Seemandhra

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں