حیدرآباد میں پرامن انتخابات کیلئے پولیس کا وسیع تر بندوبست - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-09

حیدرآباد میں پرامن انتخابات کیلئے پولیس کا وسیع تر بندوبست

حیدرآباد۔
(منصف نیوز بیورو)
سٹی کمشنر پولیس انوراگ شرما نے کہاکہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں 30اپریل کو منعقد ہونے والے اسمبلی و پارلیمنٹ انتخابات کے آزادانہ و منصفانہ اور پرامن انعقاد کیلئے سٹی پولیس کی جانب سے وسیع تر بندوبست کیا جارہا ہے۔ پولیس کی جانب سے دونوں شہروں میں تلاشی مہم شروع کردی گئی ہے۔ اس کیلئے 27چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں۔ انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پولیس بھی سیاسی جماعت کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ پولیس کا رول غیرجانبدار ہوگا۔ سیاسی جماعتیں جلسہ و جلوس کیلئے مقننہ ڈپٹی کمشنران سے قبل ازوقت اجازت حاصل کریں جس کی درخواست پہلے وصول ہوگی انہیں ترجیح دی جائے گی۔ کمشنر پولیس آج دفتر کمشنر بشیر باغ میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں 3,300 پولنگ بوتھس ہیں جہاں پولیس کے دستوں کو متعین کیا جائے گا۔ شہر میں تمام روڈی شیٹرس کو متعلقہ زونس اور پولیس اسٹیشنوں پر طلب کرکے پابند مچلکہ کیا گیا ہے۔ جن کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ زیر التواء تھے انہیں وارنٹ جاری کئے گئے۔ کمشنر پولیس نے کہاکہ دونوں شہروں میں کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کیلئے پولیس پوری طرح چوکس ہے۔ 15فلائنگ اسکواڈ تشکیل دئیے گئے۔ مشتبہ افراد پر نظر رکھی گئی ہے۔ غیر مجازشراب اور رقم کی منتقلی کو روکنے کیلئے خصوصی مہم چلائی جارہی ہے۔ ایسٹ زون میں تلاشی کے دوران غیر مجاز طورپر منتقل کی جانے والی رقم 7.5 لاکھ روپیہ اور 20ہزار روپیہ مالیت کی شراب کو ضبط کرلیا۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی امیدواروں کو جلوس میں صرف 10گاڑیوں کی اجازت ہوگی جس میں موٹر سائیکل کو بھی ایک گاڑی تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری عمارتوں میں انتخابی تحریر، پوسٹر یا بیانرس لگانے پر پابندی ہے۔ خانگی عمارتوں پر متعلقہ مالک سے قبل از اجازت حاصل کرنے کے بعد ہی وہ اس کا استعمال کریں گے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف غیر اخلاقی، غیر پارلیمانی و غیر شائستہ الفاظ کا استعمال نہ کریں۔ عوامی مقامات پر جلسہ منعقد کرنے، پرچم یا بیانرس لگانے کیلئے بلدیہ سے اجازت حاصل کریں۔ جن افراد کے پاس لائسنس یافتہ ہتھیار ہیں وہ متعلقہ پولیس اسٹیشنوں یا رجسٹرڈ آرمس کے ڈیلرس کے پاس ڈپازٹ کروائیں۔ پریس کانفرنس میں ایڈیشنل کمشنر انجن کمار، جوائنٹ کمشنران شیوا پرساد راؤ اور جی ملا ریڈی موجود تھے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں