سعودی عرب میں تمام کاروباری مراکز رات 9 بجے تک بند کرنے کی تجویز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-14

سعودی عرب میں تمام کاروباری مراکز رات 9 بجے تک بند کرنے کی تجویز

سعودی عرب میں تمام کاروباری مراکز رات 9 بجے تک بند کرنے کی تجویز
جدہ
اردو نیوز
سعودی عرب میں مارکیٹوں ، ریسٹورنٹس اور دیگر کاروباری مراکز رات 9 بجے تک بند کرنے کے احکامات جاری ہونے کا امکان ہے۔ العربیہ نیوز نیٹ ورک کے مطابق متعدد حکومتی اداروں یعنی وزارت محنت ، وزارت تجارت ، وزارت بلدیاتی امور ، وزارت اسلامی امور ، وزارت بجلی اور محکمہ الامر بالمعروف و نہی عن المنکر کی جانب سے مشترکہ طور پر تجویز پیش کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مملکت میں تمام دکانیں ، پوٹلیں ، کاروباری مراکز اور مارکیٹس زیادہ سے زیادہ 9 بجے تک بند کر دئے جائیں۔ جبکہ موجودہ صورتحال میں یہ 12 بجے رات تک کھلے رہتے ہیں۔
تجویز پر کافی غور کرنے کے بعد تمام وزارتوں اور اداروں نے متفقہ طور پر اسے منظور کر لیا ہے۔ تجویز میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ دکانیں ، ہوٹل اور کاروباری مراکز اس قانون سے مستثنیٰ ہوں گے جن کے پاس 24 گھنٹے سروس فراہم کرنے کا اجازت نامہ ہوگا۔ اس حوالے سے ماہر معیشت راشد الفوزان کا کہنا ہے کہ نئے قانون کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے جن میں سب سے اہم بات یہ کہ بجلی اور پٹرول کی بچت ہوگی جبکہ سڑکوں پر ازدحام کم ہوگا جس سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی۔ ان تمام امور سے بڑھ کر جو فائدہ ہوگا وہ یہ کہ مقامی نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع ملیں گے اور وہ شوق سے کام کریں گے کیونکہ دکانوں میں کام کا دورانیہ سہ پہر 3 سے رات 9 بجے تک ہو جائے گا جس سے سعودی نوجوان ذاتی کاروبار کی جانب راغب ہو سکیں گے اس طرح کاروباری مراکز اور مارکیٹوں میں سعودی افرادی قوت کو آنے کا موقع ملے گا جس سے سعودائزیشن کا ہدف بھی بآسانی حاصل کیا جا سکے گا۔ اس ضمن میں ایک اور ماہر معاشیات کا کہنا تھا کہ متعدد ترقی یافتہ ممالک میں مارکیٹس رات 8 بجے بند ہو جاتی ہیں اور وہاں بھی معیشت بہترین انداز میں چل رہی ہے اگر یہاں بھی اس طرح کا قانون بن جائے تو کسی کو کیا اعراض ہو سکتا ہے بلکہ لوگوں کو بہتر انداز میں آرام کرنے کا موقع ملے گا اور وہ دوسرے دن تازہ دم ہو کر اپنی ذمہ داریوں پر آ سکیں گے۔
بعض لوگوں نے اس پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح مشکل صورتحال پیدا ہو جائے گی کیونکہ بعض محلوں میں دکانیں رات 12 سے پہلے بند نہیں ہوتی ہیں اور معاشرہ بھی اس کا عادی ہو گیا ہے۔ ایک اور تاجر کا کہنا تھا کہ مدینہ منورہ میں اس طرح کا قانون پہلے نافذ کیا گیا تھا کہ دکانیں رات 11 بجے تک بند کر دی جائیں مگر یہ تجربہ کامیاب نہ ہو سکا۔

All business centers in Saudi Arabia's proposal to close by 9pm

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں