آدھار کارڈ کے لزوم کے احکام فوری واپس لئے جائیں - سپریم کورٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-25

آدھار کارڈ کے لزوم کے احکام فوری واپس لئے جائیں - سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے آج مرکز کو ہدایت دی کہ ایسے تمام احکامات واپس لے لئے جائیں جن کے ذریعہ سرکاری پالیسیوں کے فوائد کے حصول کیلئے آدھار کارڈ کو لازمی بنادیا گیاتھا۔ جسٹس بی ایس چوہان کی زیر صدارت بنچ نے قبل ازیں یہ رولنگ دی تھی کہ لازمی خدمات جیسے گیس، برقی اور پانی کے نل کے کنکشنس کیلئے آدھار کارڈلازمی نہیں ہے۔ اس رولنگ کے خلاف حکومت کی داخل کردہ درخواست نظر ثانی کو سپریم کورٹ نے مسترد کردیا۔ آج جاری کردہ حکم کی روشنی میں حکومت اب ملک کے شہریوں کو لازمی خدمات کی فراہمی کیلئے آدھار کارڈس پر اصرار نہیں کرسکتی۔ گیس سلنڈر پر سبسیڈی کی رقم کو بھی روک رکھا گیا ہے۔ حکومت نے سارے ملک میں آدھار کارڈس اسکیم پر عمل کیلئے پہلے ہی 45ہزار کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ یونیک آئیڈنٹیفکیشن اتھاریٹی آف انڈیا (UIDAI) اسکیم کے صدر نندن نیلکنی، حلقہ لوک سبھا جنوبی بنگلور سے مقابلہ کررہے ہیں۔ عدالت کی رولنگ سے آدھار کارڈ اسکیم عملاً "فضول" بن جاسکتی ہے۔ پی ٹی آئی کے بموجب سپریم کورٹ نے آج مرکز کو ہدایت دی ہے کہ آدھار کارڈ کو لازمی بنانے کیلئے اگر کوئی ہدایت جاری کی گئی تو وہ فوری واپس لے لی جائے۔ جسٹس بی ایس چوہان اور جسٹس چے چلمیشور پر مشتمل بنچ نے بمبئی ہائی کورٹ گوا بینچ کے ایک حکم کو روکتے ہوئے یہ ہدایت جاری کی۔ ہائی کورٹ نے ہدایت دی تھی کہ شہریوں کو آدھار کارڈ کے اجراء کیلئے اکٹھا کردہ ڈاٹا سے سی بی آئی کو واقف کرایا جائے تاکہ اس طرح، عصمت ریزی کے ایک کیس کی گتھیاں سلجھانے میں مدد ملے۔ بنچ نے کہاکہ بائیو میٹرک یا کوئی اور ڈاٹا سے کسی بھی حکام کو واقف نہ کرایا جائے تاآنکہ ملزم اس سلسلہ میں تحریری طورپر اپنی رضامندی ظاہر نہ کرے۔

Withdraw orders making Aadhaar mandatory for any service: SC to Centre

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں