مسلم نوجوانوں کی جامعہ نگر سے گرفتاری کی تفتیش ہونی چاہئے - کپل سبل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-25

مسلم نوجوانوں کی جامعہ نگر سے گرفتاری کی تفتیش ہونی چاہئے - کپل سبل

بے قصور مسلم نوجوانوں کو دہشت گرد ہونے کے الزام میں ان کے گھروں سے اٹھاکر گرفتاری کہیں اور سے دکھانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ دہلی پولیس کی اسپیشل سیل کا یہ رویہ غیر انسانی اور ناقابل برداشت ہے۔ گذشتہ روز جامعہ نگر میں بے قصور نوجوان کی گرفتاری کے معاملے کی تفتیش کرائی جانی چاہئے اور اس کیلئے جو بھی افسر ذمہ دار ہوں اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ یہ بات آج چاندنی چوک سے کانگریس کے امیدوار کپل سبل نے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے سوالوں کے جواب میں کہی۔ کپل سبل نے کہاکہ پہلے یہ بتایا گیا تھا کہ ان نوجوانوں کی گرفتاری راجستھان سے کی گئی ہے لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ ان میں سے کئی نوجوانوں کو دہلی کے جامعہ نگر سے اٹھایا گیا ہے۔ یہ ایک غیر آئینی حرکت ہے جس کی وجہہ سے ایک خاص طبقہ میں بے اعتمادی اور خوف پیدا ہوا ہے۔ روزنامہ راشٹریہ سہارا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کپل سبل نے کہاکہ اگر ان بچوں کو غلط ڈھنگ سے گرفتار کیا گیا ہے تو ان کے بیٹے خود اس معاملے میں پٹیشن دائرکریں گے تاکہ قصور وار افسران کے خلاف کارروائی کرائی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ کسی بے قصور کو اس طرح سے گرفتار کرنا غیر انسانی ہے بھلے ہی وہ بعد میں رہا کردیاجائے لیکن سماج میں اس کی عزت چلی جاتی ہے، اس کا کیرئیر، گھر اور کنبہ برباد ہوجاتاہے، ایک طرح سے اس کی زندگی ختم ہوجاتی ہے، ایک طرح سے اس کی زندگی ختم ہوجاتی ہے اور اس کیلئے کسی کی ذمہ داری تک طئے نہیں ہوتی نہ ہی کوئی معاوضہ ہی ادا کیا جاتاہے۔ اس لئے اس طرح کے معاملات میں ذمہ داری تو طے ہونی ہی چاہئے۔ کپل سبل نے کہاکہ بعض اخبارات یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ مودی وزیراعظم بن گیا تو ڈالر کا ریٹ 67روپئے سے 47روپئے ہوجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شاید انہیں یہ نہیں معلوم کہ اگر ایسا ہوگیا تو ملک کا ایکسپورٹ تباہ ہوجائے گا۔ سبل نے کہاکہ اب ووٹروں کو اس بات پر غور کرنا چاہئے کہ آخر ہو کیا رہا ہے۔ مودی اپنے آپ سے جڑا ہوا ہے یا بی جے پی سے؟ مودی کی سرکار کا کیا مطلب ہے؟ کیا سرکار کسی ایک شخص کی ہوتی ہے اور کیا اب اس ملک کو کوئی ایک شخص چلائے گا؟ وہ بھی ایسا شخص جسے مرکزی سرکار میں بیٹھنے کا ایک دن کا بھی تجربہ نہیں ہے۔ اب تو یہ بات خود بی جے پی میں نہیں ہے۔ اب تو یہ بات خود بی جے پی میں شروع ہوچکی ہے کہ کیا اب شخص ہی جسے چاہے گا اسے ٹکٹ ملے گا اور جنہوں نے اپنی پوری زندگی پارٹی کیلئے وقف کردی، ان کی کوئی اہمیت نہیں ہے؟ سبل نے کہاکہ ایک طرف کہتے ہیں کہ بی جے پی کی لہر ہے اور دوسری طرف متالک جیسے شخص کو بی جے پی میں شامل کیا جارہا ہے۔ کپل سبل نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ یہ محض افواہ ہے کہ کانگریس سے لوگ دوسری پارٹیوں میں بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چاندنی چوک حلقہ میں تو روزنامہ بہت بڑی تعداد میں لوگ آپ اور دیگر پارٹیوں سے کانگریس میں شامل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کیجریوال کی حقیقت سب کے سامنے آچکی ہے اور آپ کا گراف تیزی سے گررہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے بہت بڑی تعداد میں آپ کے کارکنان نے دوبارہ سے کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

Jamianagar Muslim youths arrest - Kapil Sibal asked for probe

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں