شولاپور میں اردو گھر کا افتتاح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-03

شولاپور میں اردو گھر کا افتتاح

ریاست مہاراشٹرا کے شولا پور شہر میں ریاست کے دوسرے اردو گھر اور اقلیتی طالبات کیلئے مخصوص گرلز ہاسٹل کا سنگ بنیاد 3؍مار چ کو مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے کے ہاتھوں عمل میں آئے گا اور اس تقریب کی صدارت مہاراشٹرا کے اقلیتی امور کے وزیر محمد عارف نسیم خان کریں گے۔ یہ اطلاع آج یہاں اقلیتی وزارت نے دی ہے۔ شولاپور میں ان دو اہم منصوبوں کی سنگ بنیاد تقریب میں شولاپور کے نگران وزیر دلیپ سوپل، اراکین اسمبلی پرینیتی شنڈے، وجئے کمار دیشمکھ، دلیپ مانے، دلیپ سالنکھے، مئیر الکا راٹھوڑ اور دیگر بھی شامل ہوں گے۔ اس ضمن میں اخبار نویسیوں کو اطلاع فراہم کرتے ہوئے نسیم خان نے کہاکہ اردو کی ترویج و ترقی کیلئے ریاستی حکومت نے مختلف اقدامات کئے ہیں جس کے تحت ریاست کے چھ اضلاع میں "اردو گھر"(کمپلیکس) تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کی پہل 17فروری کو ریاست کے ناندیڑ شہر میں عمل میں آئی تھی۔ جہاں پہلے اردو گھر کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ اسی طرح سے دوسرا اردو گھر شولاپور کے سول اسپتال سول چوک پر واقع ایک ہزار سات سو ایک اسکوائر میٹر قطعہ اراضی پر قائم کیا جائے گا۔ نیز حکومت نے اس کیلئے 10کروڑ اور 50لاکھ روپئے کی رقم مختص کی ہے۔ شولاپور کے اردو گھر کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس اردو گھر میں ایک آڈیٹوریم بھی ہوگا جہاں مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا، ساتھ ہی اس میں ایک لائبریری بھی ہوگی جہاں نادر و نایاب کتابوں سے لے کر عصر حاضر تک کی کتابیں دستیاب کرائی جایں گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس کمپلیکس میں کلاس روم بھی تعمیر کئے جائیں گے جہاں طلباء و طالبات بیٹھ کر مطالعہ کریں گے۔

Inauguration of Urdu Ghar in Sholapur

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں