(آئی اے این ایس)
پون کلیان کے بعد ایک اور مقبول تلگو اداکار ناگر جنا نے بی جے پی کے وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ ناگرجنا نے آج شام احمد آباد میں نریندر مودی سے تقریباً ایک گھنٹہ طویل ملاقات کی۔ انہوں نے کہاکہ سینئر بی جے پی قائد ایم وینکیا نائیڈو کی درخواست پر انہوں نے مودی سے ملاقات کی۔ اداکار نے تاہم یہ واضح کردیا کہ سیاست میں انہیں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات کی بھی تردید کی انہوں نے اپنی بیوی املا کو لوک سبھا ٹکٹ کیلئے مودی سے ملاقات کی ہے۔ ناگر جنا نے بتایاکہ وہ نریندر مودی کی پالیسی اور نظریات کے علاوہ ان کی قیادت میں گجرات کی ترقی سے متاثر ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گجرات کے کئی مواضعات کو 24گھنٹے برقی سربراہ ہوتی ہے اور وہاں انٹرنیٹ کی سہولتیں بھی دستیاب ہیں۔ واضح ہوکہ گذشتہ چند دنوں سے سیاسی اور فلمی حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ ادکارہ سے سماجی کارکن بن جانے والی املا، حلقہ وجئے واڑہ سے لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کی خواہاں ہیں۔ حال ہی میں انتقال کرجانے والے سینئر تلگو اداکار ناگیشور راؤ کے فرزند ناگرجنا، ٹالی ووڈ کے سرفہرست اداکاروں میں شامل ہیں۔ انہیں کبھی بھی سیاست میں دلچسپی نہیں رہی، تاہم ان کا خاندان، تلگودیشم کے ساتھ ساتھ کانگریس پارٹی سے بھی بہتر تعلقات رکھے ہوئے ہے۔ ناگرجنا نے نریندر مودی سے پون کلیان کی ملاقات کے دو دن بعد احمد آباد میں چیف منسٹر گجرات سے ملاقات کرکے اپنی تائید کا اعلان کیا۔ مرکزی وزیر اور قائد کے چرنجیوی کے چھوٹے بھائی پون کلیان نے 14 مارچ کو جن سینا کے نام سے اپنی سیاسی جماعت کا قیام عمل میں لاتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کا صفایا کردیں۔ فلم اسٹاروں سے ملاقاتوں کا پروگرام وینکیا نائیڈو نے کیا ہے اور بہت جلد مہیش بابو اور این ٹی آر جونےئر بھی نریندر مودی سے ملنے والے ہیں۔
Noted Telugu actor Nagarjuna meets Narendra Modi
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں