سیما آندھرا میں تلگودیشم کے امکانات روشن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-22

سیما آندھرا میں تلگودیشم کے امکانات روشن

#Seemandhra #TeluguDesam
حیدرآباد۔
(یو این آئی)
تلگودیشم پارٹی میں دیگر جماعتوں کے قائدین کی مسلسل آمدنی کے نتیجہ میں عام انتخابات میں پارٹی کے امکانات روشن ہوتے جارہے ہیں جبکہ سابق ریاستی وزیر اور کانگریس قائد ٹی نرسمہم نے آج تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ ٹی نرسمہم، ضلع مشرقی گوداوری کی کاپو برادری میں کافی بارسوخ قائد سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے آج جوبلی ہلز میں صدر تلگودیشم این چندر ابابو نائیڈو کی قیامگاہ پہنچ کر ان کی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ حالیہ ہفتوں کے دوران سابق وزراء اور ارکان مقننہ کے بشمول کئی ممتاز کانگریس قائدین نے تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے جس کے بعد چندرابابو نائیڈو یہ دعوے کرنے لگے ہیں کہ وہ انتخابات میں نہ صرف سیما آندھرا بلکہ تلنگانہ میں بھی اقتدار پر واپس آئیں گے۔ اس بات کا دعویٰ کرتے ہوئے کہ صرف تلگودیشم پارٹی نے ہی ان کی قیادت میں تلنگانہ اور سیما آندھرا علاقوں میں زیادہ سے زیادہ ترقیاتی کام انجام دئیے تھے، چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ کانگریس پارٹی کا عام انتخابات میں صفایہ ہوجائے گا۔ اس کی غلط پالیسیاں اسے نہ صرف سیما آندھرا بلکہ تلنگانہ میں بھی لے ڈوبیں گی۔ یو این آئی کے بموجب تھوٹا نرسمہم، کرن کمار ریڈی کابینہ کے چھٹے سیما آندھرا وزیر ہیں جنہوں نے ریاست کی تقسیم کے بعد کانگریس پارٹی چھوڑ دی۔ علاقہ سیما آندھرا سے تاحال 24 کانگریس ارکان اسمبلی تلگودیشم پارٹی سے وابستگی اختیار کرچکے ہیں۔ تمام قائدین نے ریاست کی تقسیم کے خلاف بطور احتجاج یہ اقدام کیا۔ اسی دوران کرن کمار ریڈی کابینہ کے سابق وزیر اور ضلع کڑپہ کے سینئر کانگریس قائد ڈی ایل رویندر ریڈی نے آج صدر تلگودیشم پارٹی چندرابابو نائیڈو سے ملاقات کی۔ ڈی ایل رویندر ریڈی نے بتایاکہ وہ 25مارچ کو ضلع کڑپہ میں منعقد ہونے والی پرجا گرجنا ریالی میں رسمی طورپر تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ سابق وزراء کا کہنا ہے کہ صرف چندرابابو نائیڈو، واحد لیڈر ہیں جن کے پاس ایک ویژن ہے اور وہی سیما آندھرا کو ایک سنہری ریاست میں تبدیل کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ اسی دوران ضلع اننت پور کے سینئر ترین کانگریس رکن اسمبلی جے سی دیواکر ریڈی بھی تلگودیشم پارٹی میں شمولیت کیلئے تیار ہیں۔ ایک اور سابق وزیر ایس شیلجاناتھ بھی جو کرن کمار ریڈی کی نئی سیاسی جماعت جئے سمکھیا آندھرا کے نائب صدر ہیں، تلگودیشم پارٹی میں شمولیت کے امکانات پر غوروخوص کررہے ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں