تحفظات کیخلاف درخواست سپریم کورٹ میں مسترد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-04

تحفظات کیخلاف درخواست سپریم کورٹ میں مسترد

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
سپریم کورٹ نے ذات پات اور مذہب کی بنیاد پر تحفظات کی پالیسی کالعدم کرنے کی خواہش کرتے ہوئے داخل کی گئی مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت سے آج انکار کردیا۔ درخواست گذار نے ذات پات اور مذہب کے بجائے معاشی موقف کی بنیاد پر تحفظات پر عمل آوری کی ہدایت کیلئے عدالت سے خواہش کی تھی۔ چیف جسٹس پی ساتا سیوم اور جسٹس رنجن گگوئی نے کہاکہ وہ اس بنیاد پر پالیسی میں راست مداخلت نہیں کرسکتے کہ تحفظات کی پالیسی کا مقصد حاصل ہوچکا۔ بنچ نے درخواست گذار کو مشورہ دیا کہ اگر وہ یہ محسوس کرتا ہے کہ اب تحفظات کی پالیسی کی ضرورت نہیں رہی تو وہ حکومت سے اپنی دلیل کے ثبوت میں ڈاٹا پیش کرتے ہوئے نمائندگی کرسکتا ہے۔ بنچ نے درخواست گذار کی سماعت سے انکار کرتے ہوئے زبانی احساس ظاہر کیا کہ عدالت ہذا کو ہدایات کی اجرائی کیلئے آنے سے قبل حکومت سے نمائندگی کی جانی چاہئے۔ بہتر ہے کہ آپ نئی حکومت بننے تک انتظار کریں۔ یہ درخواست منجیت سنگھ سچدیو نامی شخص نے داخل کی اور خواہش کی کہ ذات پات اور مذہب کی بنیاد پر تحفظات کو بنیادی حق مساوات کے خلاف قرار دیاجائے۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ خاندان میں تحفظات سے فائدہ اٹھانے یا بہتر معاشی موقف کی وجہہ سے پالیسی سے استفادہ کیلئے اہل نہ ہونے والے افراد کے حق میں کسی قابلیت کے بغیر تحفظات جاری رکھنے کے عمل کو دستور کی دفعہ 14کی بنیادی وضاحت حق مساوات کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ سچدیو نے استدلال کیا کہ تحفظات کی پالیسی کا مقصد ذات پات یا طبقات کے ضرورتمند افراد کو اونچا اٹھانا ہے لیکن اس سے ان افراد کو فائدہ پہونچایا جارہا ہے جو پہلے ہی مدد حاصل کرچکے اور ان کی مزید مدد کی جارہی ہے۔ درخواست گذار نے ایس سی؍ایس ٹی اور او بی سی کیلئے قانون ساز اداروں کے حلقوں کو محفوظ کردینے پر بھی اعتراض کیا اور کہاکہ ہم اسے محفوظ حلقہ کیسے کہہ سکتے ہیں جب کہ اس حلقہ سے وہی شخص بار بار فائدہ اٹھارہا ہے جو پہلے ہی فائدہ اٹھاچکا اور دوسرے ایس سی؍ایس ٹی افراد کو موقع نہیں دیا جارہا ہے۔


Supreme Court rejects plea against reservations

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں