سنیل گواسکر - ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بوڈ کے عبوری صدر مقرر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-29

سنیل گواسکر - ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بوڈ کے عبوری صدر مقرر

Sunil-Gavaskar
ہنوستانی سپریم کورٹ نے انڈین پریمیر لیگ میں میچ فکسنگ معاملے میں سماعت کرتے ہوئے ہندوستانی سابق کپتان سنیل گواسکر کو 10اپریل سے شروع ہونے والی انڈین پریمیر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے دوران ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ کا عبوری صدر مقرر کردیا ہے۔ عدالت عظمی نے کرکٹ کو مقدم رکھتے ہوئے بورڈ کے موجودہ صدر این سرینواس کے تئیں کسی طرح کی صلہ رحمی کا مظاہرہ نہیں کیا اس کے علاوہ کورٹ نے سنیل گواسکر کی زیر قیادت بورڈ کے زیر اہتمام انڈین پریمیر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے انعقاد کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ بورڈ کے 5میں سے ایک نائب صدر شیولال یادو کو آئی پی ایل سے متعلق امور کی ذمہ داری سپرد کی گئی ہے۔ جسٹس اے کے پٹنائک اور جسٹس ابراہیم خلیف اﷲ پر مشتمل 2رکنی بنچ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث راجستھان رائلس اور چینئی سپرکنگس کو بھی انڈین پریمیر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں کھیلنے کی اجازت ہوگی۔ عدالت اس معاملے میں آئندہ سماعت 16 اپریل کو کرے گی۔ جس میں اس بارے میں حتمی فیصلے کی امید ہے۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ بی سی سی آئی میں کھلاڑی اور کمنٹیٹر کو چھوڑ کر انڈیا سمنٹ کے ذریعے مقرر کئے گئے کسی بھی ملازم یا افسر کو کردار ادا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ عدالتی حکم نامہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سابق سربراہ این سرینواسن کو عدالت کی جانب سے عہدہ چھوڑنے پر مجبور کئے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ ابھی 3روز قبل ہی سپریم کورٹ نے سرینواس کو خبردار کیا تھا کہ اگ انہوں نے استعفیٰ نہیں دیا تو ان کی رخصت کا حکم دے دیا جائے گا۔ عدالت نے جمعہ کو اس فیصلے میں کہاکہ گواسکر بی سی سی آئی کے عبوری صدر ہوں گے۔ یوں وہ انڈین پریمیر لیگ کے آئندہ ایڈیشن کے انتظامات کے بھی ذمہ دار ہوں گے۔ آئی پی ایل کے اسکینڈل کی زد میں رہے ہیں۔ سٹے بازی اور اسپاٹ فکسنگ کے الزامات نے ان مقابلوں کو گہنائے رکھا ہے۔ سیرنواس کے داماد کو بھی ان الزامات کا سامنا رہا ہے۔ جمعہ کے اس اعلان پر گواسکر کی جانب سے فوری ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم وہ پہلے ہی یہ ذمہ داری سنبھالنے میں دلچسپی ظاہر کرچکے تھے۔ بی سی سی آئی کے ایک وکیل کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ عدالت کے فیصلے کی مکمل توثیق کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ فیصلہ بی سی سی آئی کی جانب یس عدالت کو دی گئی تجاویز کے مطابق ہی ہے۔ اس فیصلے میں عدالت نے یہ بھی کہا ہے کہ چینئی سپرکنگز اور راجستھان رائلزکو آئی پی ایل کے رواں برس کے مقابلوں میں شریک ہونے کی اجازت ہوگی۔ یہ دونوں ٹیمیں ہی گذشتہ برس کے ٹورنمنٹ میں سٹے بازی اور اسپاٹ فکسنگ کے الزامات کا مرکز رہی ہیں۔ ججوں کے اسی پینل نے جمعرات کو کہا تھا کہ ان دونوں ٹیموں کو آئندہ ماہ ابوظہبی میں میں ہونے والے آٹھ ٹیموں کے ٹورنمنٹ میں شرکت سے روک دیا جانا چاہئے۔ ایک اندازے کے مطابق ان دونوں ٹیموں پر پابندی کی صورت میں دیڑھ ملین ڈالر کا نقصان ہوسکتا تھا۔ عدالت کے تازہ فیصلے سے بورڈ نے بھی سکون کا سانس لیا ہے۔ بورڈ کے وکلاء میں سے ایک سی اے سندرم نے فیصلے کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں کہاکہ یہ فیصلہ نہ ہوتا تو ٹورنمنٹ کے ساتھ ساتھ شائقین کرکٹ بھی متاثر ہوتے۔

Sunil Gavaskar appointed as Interim President of BCCI

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں