سہراب الدین فرضی انکاونٹر کیس - پانڈین کی ضمانت منظور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-29

سہراب الدین فرضی انکاونٹر کیس - پانڈین کی ضمانت منظور

سپریم کورٹ نے گجرات کیڈر کے معطل آئی پی ایس عہدیدار راج کمار پانڈین کو ضمانت دے دی ہے جسے سہراب الدین شیخ اور ان کی اہلیہ کوثر بی کو فرضی انکاونٹر میں ہلاک کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیاتھا۔ چیف جسٹس پی ساتا سیوم، جسٹس رنجن گگوئی اور جسٹس این وی رمنا پر مشتمل بنچ نے درخواست ضمانت کی سماعت کرتے ہوئے آج ملزم کو راحت دی۔ بمبئی ہائی کورٹ نے گذشتہ سال 20نومبر کو اُس کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی جس کے بعد آئی اے ایس عہدیدار سپریم کورٹ سے رجوع ہوا۔ سی بی آئی نے ہائی کورٹ میں درخواست کی ضمانت یہ کہتے ہوئے مخالفت کی کہ پولیس عہدیدار ایک اہم ملزم ہے جس نے دونوں مہلوکین( سہراب الدین اور کوثر بی) کو حیدرآباد سے اٹھایا تھا جنہیں بعد میں فرضی انکاونٹر میں ہلاک کردیاگیا۔ پانڈین دیگر آئی پی ایس عہدیدار ابھئے چوڈا ساما، راجستھان کیڈر کے آئی پی ایس دنیش ایم این اور چند دیگر پولیس ملازمین کے ساتھ نوی ممبئی کی تلوجہ جیل میں محروس ہے۔ دیگر ملزم آئی پی ایس عہدیدار ڈی جی ونجارا کو عشرت جہاں اور اس کے دیگر 3ساتھیوں کے فرضی انکاونٹر کے سلسلہ میں دوبارہ احمد آباد لایا گیا۔ وہ سابرمتی سنٹرل جیل میں محروس ہے۔ اس کیس میں سابق مملکتی وزیر داخلہ گجرات اور بی جے پی لیڈر امیت شاہ اہم ملزم ہیں، وہ فی الحال ضمانت پر رہا ہیں کیس میں کہا گیا کہ سہراب الدین شیخ اور اُس کی اہلیہ کو حیدرآباد سے گجرات کی اے ٹی ایس نے اغوا کرلیا تھا اور گاندھی نگر کے قریب نومبر 2005 میں ایک فرضی انکاونٹر میں ہلاک کردیا۔

Sohrabuddin fake encounter case: Supreme Court grants bail to Rajkumar Pandian

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں