آر جے ڈی لیڈر رام کرپال یادو بی جے پی میں شامل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-13

آر جے ڈی لیڈر رام کرپال یادو بی جے پی میں شامل

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی، یو این آئی)
لوک سبھا انتخابات سے قبل پاٹلی پتر پارلیمانی حلقہ سے ٹکٹ نہیں ملنے پر ناراض آر جے ڈی کے لیڈررام کرپال یادو آج بی جے پی میں شامل ہوگئے۔ بی جے پی کے صدر راج ناتھ سنگھ، یادو کا بی جے پی میں خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں بہار کا اہم لیڈر قرار دیا۔ بی جے پی ہیڈ کوارٹر پر منعقدہ پروگرام میں یادو نے کہاکہ آر جے ڈی میں خاندان حاوی ہوگیا ہے اور آر جے ڈی میں مخلص کارکنوں کے بجائے رشتہ داروں کو ترجیح دی جاتی ہے، انہوں نے بی جے پی کے وزیراعظم کے عہدہ کے امیدوار نریندر مودی اور بی جے پی صدر راج ناتھ سنگھ کا شکریہ ادا کیا۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی کی مرکزی الیکشن کمیٹی کرپال یادو کو ٹکٹ دینے کے بارے میں کل کوئی فیصلہ کرے گی۔ واضح رہے کہ آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے بہار کے پاٹلی پترا حلقہ سے اپنی بیٹی میسا بھارتی کو ٹکٹ دیا جس کی وجہہ سے کرپال یادو ناراض ہوگئے تھے۔ وہ اس وقت آر جے ڈی کے راجیہ سبھا میں واحد رکن تھے۔ رام کرپال یادو نے کہاکہ وہ بی جے پی کے اس اقدام سے کافی متاثر ہوئے کہ اُس نے ایک پسماندہ طبقہ کے چائے بیچنے والے شخص کو وزیراعظم کے عہدہ کا امیدوار بنایا۔ گجرات کے مسلمانوں کیلئے اقدامات پر مودی کی ستائش کرتے ہوئے رام کرپال یادو نے نتیش کمار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بہار میں ترقی تو کچھ نہیں ہورہی ہے البتہ ووٹ حاصل کرنے کیلئے فرقہ پرستی کو ہوا دی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ انہوں نے اپنی زندگی کے 35سال آر جے ڈی کو استحکام فراہم کرنے میں لگادئیے لیکن یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ اس طرح کا دن دیکھنا پڑے گا۔ اس موقع پر سی پی ٹھاکر، روی شنکر پرساد، سید شاہنواز حسین، پارٹی میں بہار کے انچارج جنرل سکریٹری دھرمیندر پردھان، سابق ڈپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی، اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نند کشور یادو، ریاستی بی جے پی کے صدر منگل پانڈے اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ رام کرپال یادو کے بی جے پی میں شامل ہونے پر لالو پرساد یادو نے انہیں بھسما سوار (راکشس) کا خطاب دیا اور کہاکہ وہ اپنے نظریات کو خاکسترکرنے کے بعد بی جے پی میں شامل ہوگئے۔ لالو نے کہا "میں نے اُسے بنایا تھا لیکن وہ بھسما سوار ثابت ہوا"۔ لالو پرساد نے یہ بھی کہاکہ بھگوان خود اُن کی پارٹی سے ایسے عناصر کو نکال رہا ہے۔ انہوں نے آر جے ڈی کے سابق سکریٹری جنرل کو موقع پرست قرار دیا جن کیلئے مودی راتوں رات بھائی بن گئے۔ لالو پرساد نے کہاکہ مجھے اب یقین ہوگیا ہے کہ وہ شخص (رام کرپال یادو) موقع پرست ہے۔ وہ اپنے عقائد اور نظریات کو آگ دکھانے کے بعد بی جے پی میں شامل ہوگئے ہیں۔ سیکولر پارٹیوں اور اقلیتوں کو سمجھنا چاہئے کہ اُس نے اپنے اصولوں کو فروخت کردیا۔ انہوں نے کہاکہ رام کرپال یادو کے پارٹی چھوڑنے کیلئے وہ ذمہ دار نہیں ہیں۔ لالو نے کہا "میں نے اُسے پارٹی سے نہیں نکالا اور نہ ہی راجیہ سبھا سے استعفیٰ دینے کے لئے کہا، وہ خود ہی چلا گیا"۔ اسی دوران میسا بھارتی نے کہاکہ لڑائی اُن کے اور رام کرپال کے درمیان نہیں ہے یہ نظریات کی لڑائی ہے۔

Rebel RJD MP Ram Kripal Yadav joins BJP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں