سیما آندھرا دارالحکومت کیلئے آئندہ ہفتہ ماہرین کمیٹی کی تشکیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-22

سیما آندھرا دارالحکومت کیلئے آئندہ ہفتہ ماہرین کمیٹی کی تشکیل

#Seemandhra
نئی دہلی۔
(یو این آئی)
سیما آندھرا کی ریاست کے نئے دارالحکومت کیلئے مرکزی حکومت آئندہ ہفتے ایک ماہرین کمیٹی تشکیل دے گی جو پانچ ارکان پر مشتمل ہوگی۔ مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے کی قیادت میں تلنگانہ پر آج یہاں وزراء گروپ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ریاست کی تقسیم کی کارروائی میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ مرکزی حکومت 2جون سے پہلے پہلے ریاست کی تقسیم سے متعلق تمام امور کی تکمیل چاہتی ہے اور اس سلسلہ میں زبردست کوششیں جاری ہیں کیونکہ یکم اور 2جون درمیانی شب تلنگانہ کو عالم وجود میں آنا ہے۔ اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے گروپ کے اہم رکن جئے رام رمیش نے صحافیوں کو بتایاکہ ماہرین کمیٹی مقررہ وقت میں اپنا کام مکمل کرلے گی۔ آندھراپردیش کی تقسیم نئی ریاست تلنگانہ تشکیل دینے گذشتہ ماہ پارلیمنٹ میں ایک بل منظور کیا گیا۔ بل میں شہر حیدرآباد کو دونوں ریاستوں کا دس سال تک مشترکہ دارالحکومت بنانے کی گنجائش رکھی گئی۔ دس سال کے بعد سیما آندھرا کو نیا دارالحکومت حاصل ہوجائے گا۔ نئے دارالحکومت کی نشاندہی اور اس کی تعمیر کے بارے میں جئے رام رمیش نے کہا کہ حکومت مقررہ وقت پر اپنی ذمہ داری پورا کرنے کی پابند عہد ہے۔ انہوں نے بتایاکہ وزراء گروپ بہت جلد ایک اوراجلاس منعقد کرے گا تاکہ آندھراپردیش کی تنظیم جدید ایکٹ پر عمل آوری میں تیزی لائی جاسکے۔ اس ایکٹ کو چیالنج کرتے ہوئے اس کے خلاف عدالت میں داحل کردہ درخواست کے بارے میں پوچھے جانے پر مرکزی وزیر دیہی ترقیات جئے رام رمیش نے بتایا کہ یہ ایکٹ پوری طرح دستوری ہے کیونکہ دستور کی دفعہ3اور 4 کے علاوہ سپریم کورٹ کے چار فیصلوں پر مبنی ہے۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ ماہرین کمیٹی نئے دارالحکومت کی تعمیر کے سلسلہ میں فنڈز کی تفصیلات کو بھی قطعیت دے گی۔ انہوں نے کئی مسائل جیسے آبی وسائل کی تقسیم، فینانس، افرادی قوت اور فروغ انسانی وسائل کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا ار کہاکہ انہیں بھی مساویانہ طورپر تقسیم کیا جائے گا۔ مرکزی وزیر دیہی ترقیات نے نشاندہی کی کہ ریاستی سطح پر پہلے ہی 19 کمیٹیاں کام کررہی ہیں۔ اس کے علاوہ چیف سکریٹری کی قیادت میں ایک خصصی ڈویژن بھی قائم کیا گیا جو تقسیم کے امور کی نگرانی کررہا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ریاست کی دوحصوں میں تقسیم کی کارروائی کی تکمیل کیلئے مرکزی حکومت کے اقدامات کا وزراء گروپ جائزہ لے گا۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت آندھراپردیش پوری سنجیدگی کے ساتھ کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے اور تمام متعلقہ عہدیدار شبانہ روز کام کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کی تکمیل میں لگے ہوئے ہیں۔

Panel to identify the new capital for Seemandhra

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں