#KhushwantSingh ممتاز صحافی و ادیب خشونت سنگھ کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-21

#KhushwantSingh ممتاز صحافی و ادیب خشونت سنگھ کا انتقال

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
ملک کے ممتاز صحافی اور قلم کار خشونت سنگھ کا آج بعمر 99سال انتقال ہوگیا۔ ان کے فرزند اور صحافی راہول سنگھ نے بتایاکہ ان کے والد یہاں سجن سنگھ پارک میں واقع اپنی قیامگاہ میں بڑے پرسکون اندازمیں انتقال کرگئے۔ آنجہانی نے ایک نہایت کارکرد زندگی گذاری۔ راہول سنگھ نے بتایا کہ ان کے والد کو کچھ تنفس کا عارضہ تھا۔ خشونت سنگھ نے بحیثیت صحافی "السٹریٹیڈ ویکلی آف انڈیا" اور بعد میں اخبار "ہندوستان ٹائمز" کے ایڈیٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دی تھیں۔ (السٹریٹیڈ ویکلی کی اشاعت اب بند ہوچکی ہے)۔ خشونت سنگھ کا ہفتہ وار انگریزی کالج "سب کے تعلق سے عناد" نہایت دلچسپی سے پڑھا جاتا تھا اور کئی روزناموں یں اس کی اشاعت عمل میں آتی تھی۔ اندرا گاندھی کی حکومت نے انہیں راجیہ سبھا کیلئے نامزد کیا تھا۔ وہ 1980ء تا1986 رکن پارلیمنٹ رہے۔ خشونت سنگھ کو 1874ء میں پدما بھوشن ایوارڈ دیا گیا تھا لیکن انہوں نے امرتسر میں سنہری گردوارہ پر ہلہ بول دئیے جانے کے خلاف بطور احتجاج 1984ء میں یہ ایوارڈ واپس کردیاتھا۔ 2007ء میں انہیں پدما وبھوشن ایوارڈ دیا گیا۔ خشونت سنگھ اپنی کلاسیکی تحریروں جیسے "ٹرین کو پاکستان" کیلئے جانے جاتے ہیں۔ اسی دوران صدر جمہوریہ پرنب مکرجی اور وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت میں قوم نے ممتاز صحافی اور ادیب خشونت سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے اپنے تعزیتی پیام میں آنجہانی کو "ایک خدادا قلم کار، بے باک تبصرہ نگار اور ایک ایسا عزیز دوست قرار دیا جنہوں نے حقیقی معنوں میں اختراعی زندگی گذاری"۔ ملک کے ممتاز صحافی و ادیب ایم جے اکبر نے اپنے تعزیتی بیان میں کہاہے کہ خشونت ایک صاحب طرز ادیب اورقابل تعریف انسان تھے۔ سابق آئی پی ایس عہدیدار کرن بیدی نے بھی خشونت سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے ساتھ ٹینس کھیلنے کی یاد تازہ کی۔ ایک اور ممتاز صحافی مارک ٹلی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ خشونت سنگھ ایک عظیم ادیب اور زبردست حس مزاح رکھتے تھے۔ ان کی شخصیت بڑی دلکش تھی۔ بی جے پی کے امیدوار وزارت عظمی نریندر مودی نے بھی اپنے تعزیتی پیام میں کہا کہ ممتاز ادیب و صحافی خشونت سنگھ کی آتما کو شانتی ملے۔

Khushwant Singh, journalist and writer, dies at 99

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں