ہندوستان روس کے خلاف تحدیدات کی تائید نہیں کرے گا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-20

ہندوستان روس کے خلاف تحدیدات کی تائید نہیں کرے گا

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
ہندوستان نے آج ایک ایسے وقت جب کہ روس کو امریکہ اور بعض دیگر ممالکت سے تحدیدات کا سامنا ہے، یہ وضاحت کردی ہے کہ وہ (ہندوستان) حکومت روس کے خلاف کسی "یکطرفہ اقدامات" کی تائید نہیں کرے گا۔ (یوکرین سے نکال کر روس سے کریمیا کے الحاق کے بعد مذکورہ تحدیدات عائد کی گئی ہیں)۔ حکومت کے ذرائع نے یہاں کہا کہ "ہندوستان نے کسی بھی ملک مثلاً عراق یا ایران کے خلاف یکطرفہ تحدیدات کی ہرگز کبھی حمایت نہیں کی ۔ اس لئے ہم کسی ملک یا ممالک کے کسی گروپ کے یکطرفہ اقدامات کی بھی تائید نہیں کریں گے"۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ کل ہی صدر روس ولادیمیر پوٹین نے وزیراعظم ہند ڈاکٹر منموہن سنگھ سے (فون پر) بات چیت کرتے ہوئے صورتحال کی وضاحت کی تھی۔ ڈاکٹر سنگھ نے ممالک کی "اتحاد و سالمیت" پر ہندوستان کے موقف پر زوردیا تھا اور امید ظاہر کی تھی کہ مسئلہ کا سفارتی حل دریافت کرلیا جائے گا۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں مشیر امور قومی سلامتی شیوشنکر مینن نے کہا تھا کہ "روس کے اور دیگر کے جائز مفادات ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ بات چیت کے ذریعہ مسئلہ کا حل نکل آئے گا"۔ موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ امریکی اور یوروپی یونین نے روس اور یوکرین کے ایسے کئی عہدیداروں پر تحدیدات عائد کردی ہیں جن پر بحیرہ اسود کے جزیرہ نما میں روس کے اقدامات میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ آسٹریلیا نے بھی مذکورہ علاقہ کی 12سیاسی شخصیتوں پر مالیاتی اور سفری تحدیدات عائد کرنے کے اپنے فیصلہ کا اعلان کیا ہے۔ پوٹین نے کل رات ہی روسی تائید کے حامل قائدین کریمیا کے ساتھ معاہدہ پر دستخط کئے اور روس کے ساتھ کریمیا کے الحاق کو آگے بڑھایا۔ امریکہ اور یوکرین کی نئی حکومت کا کہنا ہے کہ مذکورہ الحاق غیر قانونی اور ناقابل قبول ہے۔

No India support to 'unilateral' measures against Russia

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں