مودی کو کلین چٹ - نرسری کے بچہ کو اچھے گریڈ کے مماثل - سلمان خورشید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-20

مودی کو کلین چٹ - نرسری کے بچہ کو اچھے گریڈ کے مماثل - سلمان خورشید

فرخ آباد(اترپردیش)۔
(پی ٹی آئی)
مرکزی وزیر سلمان خورشید نے ایک تازہ تنازعہ پیدا کرتے ہوئے آج نریندر مودی کو ان دعوؤں پر نرسری کا بچہ قراردیا کہ ایک نچلی عدالت نے 2002 ء کے گجرات فسادات کے سلسلہ میں انہیں کلین چٹ دی ہے۔ سینئر کانگریس قائد اور فرخ آباد کے موجودہ رکن پارلیمنٹ سلمان خورشید نے مابعد گودھرا فسادات کو روکنے میں ناکامی پر مودی کو "نامرد" کہتے ہوئے ایک بڑا تنازعہ پیدا کرنے کے چند دن بعد پھر بی جے پی وزارت عظمی امیدوار کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے بی جے پی وزارت عظمی امیدوار کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہاکہ میں نہیں جانتا کہ مودی کو کس نے کلین چٹ دی ہے۔ ایک مجسٹریٹ کی عدالت نے انہیں طلب نہیں کیا۔ یہ سچ ہے۔ یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے نرسری کے بچے کو اچھا گریڈ مل جائے اور وہ یہ سمجھتے ہوئے کہ وہ ڈاکٹر بن گیا ہے۔ یہ دعویٰ کرنے لگے کہ اس نے پی ایچ ڈی کرلی ہے۔ ایسا کس طرح ممکن ہے ۔ قبل ازیں موصولہ اطلاع کے بموجب مرکزی وزیر سلمان خورشید نے بی جے پی قائدین کے اس دعوے پر سوال اٹھایا کہ نچلی عدالت نے نریندر مودی کو 2002ء کو گجرات فسادات کے سلسلہ میں کلین چٹ دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گجرات میں یہ واقعات اس وقت پیش آئے جب وہ (مودی) چیف منسٹر تھے۔ اس سلسلہ میں تقریباً 170 افراد کو عمر قید کی سزا سنائی جاچکی ہے۔ مایا کوڈنانی ان کی وزیر تھیں۔ وکی لیکس کے بانی جولیان اسانچ کی جانب سے مودی کے دیانتدار ہونے کی توثیق کے دعوے سے متعلق تنازعہ کے بارے میں انہوں نے کہاکہ یہ بات میری سمجھ سے باہر ہے کہ اتنا پراعتماد شخص اپنا غلبہ قائم کرنے کیوں ادھر ادھر تائید مانگتا پھر رہا ہے۔ مجھے اس پر حیرت ہے اور جب اس کی تردید کی جاتی ہے تو وہ کہتے ہیں کہ انہیں وکی لیکس کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں۔ قابل غور ہے کہ بدعنوانیوں کو بے نقاب کرنے والی ویب سائٹ نے ایک سینئر امریکی سفارتکار کے 8 سال قبل بھیجے گئے خفیہ کیبل پیام کا افتتاح کیا تھا جس میں مودی کو بے اعتماد شخص اور ڈروخوف کی حکومت کرنے والا قرار دیا گیاتھا۔ بی جے پی ترجمان پرکاش جاودیکر نے وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ سلمان خورشید کی باتوں کو مسترد کردیا جانا چاہئلے کیونکہ وہ بکواس کررہے ہیں۔ وہ عدالت کی اہمیت گھٹارہے ہیں۔ یہ نچلی اور اعلیٰ عدالتیں کیا ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عدالت تو عدالت ہوتی ہے۔ یہ معاملہ عدالت میں تھا اور عدالت نے انہیں کلین چٹ دی ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے تقرر کردہ ایس آئی ٹی نے انہیں کلین چٹ دی ہے اس کے باوجود وہ صرف 2002 کے (فسادات) کا مسئلہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

Khurshid calls Modi ‘nursery child’ over clean chit claim in 2002 riots

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں