سعودی عرب میں مقیم ہندوستانیوں کا خشونت سنگھ کو خراج عقیدت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-23

سعودی عرب میں مقیم ہندوستانیوں کا خشونت سنگھ کو خراج عقیدت

#KhushwantSingh
ریاض۔
(آئی اے این ایس)
سعودی عرب میں مقیم ہندوستانیوں نے ہم وطن مشہور مصنف و صحافی خشونت سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ عرب نیوز نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایاکہ ایک ہندوستانی انجینئر شکیل زیدی نے ان کی موت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ خشونت سنگھ اپنی زندہ دل تحریروں کے حوالہ سے ہمارے ذہن و دل میں ہمیشہ باقی رہیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خشونت سنگھ نے اپنی شخصیت پر اپنی بڑھتی عمر کی پرچھائیں کبھی پڑنے نہ دی اور دوسروں کی طبع پر خود کو گراں گذرنے نہ دیا۔ ان کی شخصیت کا ایک نمایاں پہلو یہ بھی تھا کہ کبھی کوئی ان سے نفرت نہ کرسکا، حالانکہ ایسے افراد کی کمی بھی نہیں جو آزادئی اظہار سے متعلق ان کے نظریہ کو پسند نہیں کرتے تھے جو کبھی کبھی حد سے متجاوز بھی ہوجاتا۔ ان کی ایک خوبی یہ بھی تھی کہ وہ زندہ دلی اور پرجوش طریقہ سے بلا تکلف سکھوں کو روایتی طورپر مذاق (طنز ومزاح) کا نشانہ بناتے رہے۔ سمندر پار ہندوستانی کی فلاحی تنظیم ہم ہندوستانی کے صدر محمد قیصر نے انہیں یاد کرتے ہوئے کہاکہ خشونت سنگھ اپنی سیکولرازم، حس مزاح اور شاعری سے عشق کیلئے کبھی فراموش نہیں کئے جاسکیں گے۔ ریاض میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز اسوسی ایشن کے نائب صدر محمد نسیم اختر نے کہاکہ خشونت سنگھ کی موت دردناک سانحہ ہے۔ خشونت سنگھ نے عرصہ پہلے ریاض میں اسوسی ایشن سے خطاب کیا تھا جس کی یادیں اب بھی تازہ ہیں۔ ریاض میں ہندوستانی سفارتخانہ میں ناظم الامور سیبی جارج نے کہا کہ خشونت سنگھ نے ہندوستانی تکثیریت میں اتحاد کی علامت قراردیتے ہوئے انہیں ملک کا نامور طنز ومزاح نگار بتایا، جارج نے کہاکہ بلا امتیاز و مذہب و عقیدہ و جنس انہوں نے سب کے دلوں میں یکساں طورپر جگہ بنائی اور ہمیشہ ہردلعزیز رہے۔

NRI's in KSA pay tribute to Khushwant Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں