این ڈی اے کا برسر اقتدار آنا خارج از بحث - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-16

این ڈی اے کا برسر اقتدار آنا خارج از بحث - راہول گاندھی

کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج بی جے پی یا این ڈی اے کے برسر اقتدار آنے سے متعلق سوال کو خارج ازبحث قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور کانگریس کے حامیوں کو تلقین کی کہ وہ عوام کو اقتدار پر واپس لانے پارٹی کی جنگ جاری رکھیں۔ مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کانگریس حامیوں کے ساتھ ایک گھنٹہ طویل ویڈیو کانفرنسنگ کے دوران انہوں نے آسام کے پارٹی کارکنوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ کانگریس اپنی موافق عوام پالیسیوں اور اسکیمات کے سبب اقتدار پر برقرار رہے گی۔ اس سوال پر کہ وہ بی جے پی کی فرقہ پرست طاقتوں سے لڑائی کیلئے انہوں نے کیا حکمت عملی تیار کی ہے کیونکہ نریندر مودی کی منافرت آمیز تقاریر کے سبب اقلیتی فرقہ کے بیشتر افراد خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں، کانگریس لےِڈر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ فکر مند ہونے یا تشویش کی کوئی بات نہیں کیونکہ کانگریس ایک بار پھر برسر اقتدار آنے والی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس دوبارہ جیتے گی۔ بی جے پی کے برسر اقتدار آنے کا سوال خارج از بحث ہے۔ راہول گاندھی نے کہاکہ کانگریس منافرت یا فرقہ پرستی کی بناء پر نہیں بلکہ محبت پر مبنی اپنے نظریات کے ساتھ عوام تک رسائی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہماری اسکیمات چاہے وہ مہاتما گاندھی، قومی دیہی روزگار ضمانت اسکیم ہو یا پھر حق معلومات قانون ہو، محبت پر مبنی ہیں اور عوام کو با اختیار بناتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آپ (کانگریس کارکنوں) کو اس محبت کو عوام تک لے جانا ہوگا اورانہیں کانگریس کے محبت کے نظریہ کو سمجھانا ہوگا۔ بعض اوپنین پولس پر جن میں کانگریس کو 100سے بھی کم نشستیں حاصل ہونے کے امکانات ظاہر کئے گئے ہیں، کانگریس قائد کی تنقید سے متعلق آسام کے پارٹی کارکنوں کے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے ایسے سرویز کو مسترد کردیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اوپنین پولس میں پیش قیاسی کی گئی تھی کہ 2004ء کے عام انتخابات میں کانگریس کو شکست ہوجائے گی لیکن اس نے این ڈی اے سے اقتدار چھین لیا۔ 2009ء میں ایک بار پھر ایسا ہی ہوا۔ کانگریس کے بارے میں مایوس کن پیش قیاسیاں کی گئی تھیں لیکن پارٹی ایک بار پھر برسر اقتدار آئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ اگر کانگریس عوام کو یہ سمجھا سکے کہ اس نے شفافیت پیدا کرتے ہوئے سیاست کا چہرہ تبدیل کیاہے، تو ہم اقتدار برقرار رکھ سکتے ہیں۔ کانگریس نے لوک پال قانون اور آرٹی آئی جیسی عوام دوست پالیسیاں متعارف کرائی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سال 2009ء میں منریگا کی وجہہ سے اپوزیشن کو شکست ہوئی اور اس مرتبہ کانگریس کے پاس غذائی سلامتی بل جیسا مزید طاقتور ہتھیار ہے۔

NDA coming to power is non-question: Rahul

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں