لاپتہ طیارہ کی تلاش کیلئے ہندوستان سے مدد طلب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-13

لاپتہ طیارہ کی تلاش کیلئے ہندوستان سے مدد طلب

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
ملایشیا نے اپنے لاپتہ طیارہ کی تلاش کیلئے ہندوستان سے مدد طلب کی ہے۔ اس سلسلہ میں قبل ازیں صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے پیشکش کیا تھا۔ اسی دوران حکومت ہند نے ملایشیا کے لاپتہ طیارہ کی تلاش کے معاملہ کو آگے بڑھانے کیلئے اور اطلاعات کے تبادلہ کیلئے کارروائی شروع کردی ہے اور اہل افراد کا تقرر کیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایاکہ "صدرجمہوریہ ہند نے کل صدر ملایشیا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے امداد کا پیشکش کیا تھا۔ اس کے بعد ملایشیا نے مدد طلب کی ہے۔ ہم مدد دینے کیلئے تیار ہیں۔ ہم ملایشیا کے ساتھ ربط قائم کئے ہوئے ہیں اور تفصیلات کا تبادلہ کررہے ہیں"۔ ہندوستانی فضائیہ اور بحریہ نے اپنے ایرکرافٹس کو تیار رکھا ہے اور ملایشیا کے طیارے کی تلاشی مہم میں حصہ لینے کیلئے قطعی احکامات کا انتظار ہے۔ وزارت دفاع کے عہدیداروں نے بتایاکہ تلاشی کارروائیاں شروع کرنے سے قبل ملایشیا کی جانب سے درخواست کا انتظار ہے۔ ہندوستان کیلئے تلاشی کا علاقہ جزائر انڈومان نکوبار کے قریب آبنائے ملاکہ اسٹریٹ ہوسکتا ہے۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ ملایشیا ایرلائنس کا بوئنگ 777-200 طیارہ جس میں 239 افراد سوار تھے گذشتہ جمعہ کو بیجنگ پرواز کررہا تھا۔ طیران گاہ کوالالمپور سے ٹیک آف کے ایک گھنٹہ بعد جبکہ وہ بحرہ چین کے اوپر سے پروازکررہا تھا، راڈار اسکرین سے غائب ہوگیا۔ گذشتہ شنبہ کو اولین ساعتوں سے تلاش اور بچاؤ کاروائیاں شروع کردی گئی ہیں، جن کا اب تک کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ تلاش کی کوششیں آج پانچویں دن بھی جاری رہیں۔ 39طیارے، 42سمندری جہازاور 10ممالک سے بچاؤ ٹیمیں طیارہ کے گذرنے کے راستہ کے نیچے سمندر کھنگال رہی ہیں۔ جزائر انڈومان و نکوبار میں ہندوستان کی تین مسلح سرویس کی فوجی کمانڈ موجود ہے۔ بحریہ اور فضائیہ کی ٹیمیں اس سمندری علاقہ میں باقاعدہ طلایہ گردی کرتی رہی ہیں۔ اسی دوران کوالالمپور سے موصولہ اطلاعات کے بموجب 12 ممالک کی تلاشی ٹیموں کے ذریعہ سمندر میں زبردست تلاش جاری ہے۔ ملایشیا کے شہری ہوابازی چیف اظہر الدین عبدالرحمن نے یہ بات بتائی اور کہاکہ اس کے طیارے اب بحرہ انڈومان کے جنوبی حصہ کو چھان رہے ہیں۔ عبدالرحمن نے اس بات کی توثیق کی کی کہ دفاعی رارڈر کو ایک "اشارہ" ملا ہے کہ ممکن ہے کہ لاپتہ طیارہ، بحرہ جنوبی چین پر سے اپنے مقررہ فضائی راستہ سے واپس پلٹ گیا ہو۔ یہی وجہہ ہے کہ تلاشی کی کارروائیوں کو بحرہ انڈومان تک وسعت دے دی گئی ہے۔ امریکی فیڈرل ہوا بازی اتھاریٹی اور امریکی نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ کی بھی خدمات حاصل کی گئیں۔ ملایشیا کے وزیر دفاع و وزیر ٹرانسپورٹ ہشام الدین حسین نے پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ "ہم ، لاپتہ طیارہ کی دریافت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ اب آبنائے ملاکا میں تقریباً27ہزار مربع ناٹیکل میل، جنوبی بحرہ چین میں 14440 مربع ناٹیکل میل اور اطراف کے علاقوں میں 12400 مربع ناٹیکل میل علاقہ میں تلاشی مہم جاری ہے۔ 12ممالک اس مہم میں مصروف ہیں۔ ہندوستان، جاپان اور برونی اس مہم میں ابھی شامل ہوئے ہیں۔ ہندوستانی فضائیہ اس علاقہ میں تلاشی مہم شروع کرنے والا ہے۔ اس علاقہ میں ہندوستانی فضائیہ کے ڈورنیر طیارہ اور MI-17 ہیلی کاپٹروں کو تلاشی ہمم میں شریک کیاجارہا ہے اگر ضرورت پڑے تو ہندوستانی بحریہ P-81 اور TU-142 بحری جاسوسی طیارے بھی استعمال کرسکتا ہے۔ ایک ایسے وقت جبکہ چین اور ویت نام نے اطلاع کے فقدان پر ملایشیا کو ہدف تنقید بنایا ہے، ہشام الدین حسین نے تلاشی کوششوں میں"گڑبڑ" کی تردید کی ہے اور کہاہے کہ ہم نے طیارہ کے مل جانے کی توقعات ترک نہیں کی ہیں۔

Missing Malaysia Airlines plane: Malaysia seeks help from India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں