طیارہ حادثہ - سٹیلائیٹ ڈاٹا تک رسائی فراہم کرنے چین کا ملیشیا سے مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-26

طیارہ حادثہ - سٹیلائیٹ ڈاٹا تک رسائی فراہم کرنے چین کا ملیشیا سے مطالبہ

ملیشیا کے طیارے ایم ایچ 370 میں ہلاک ہونے چینی مسافروں کے لواحقین اور سکیورٹی عہدیداروں کے درمیان آج دارالحکومت بیجنگ میں جھڑپیں ہوئیں۔ طیارہ میں ہلاک مسافرین کے زائد از300 برہم لواحقین نے بیجنگ میں ملیشیا کے سفارتخانے کے روبرو احتجاج کیا۔ لواحقین نے ملیشیا کے سفارتخانہ کی طرف مارچ کیا اور اس دوران پولیس کے ساتھ ان کی جھڑپیں بھی ہوئیں۔ انہوں نے اس موقع پر حکومت ملیشیا پر حقیقت کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور حقیقت چھپانے کا الزام عائد کیا۔ درجنوں افراد بیجنگ میں اپنے ہوٹل سے نکل کر ملیشیا کے سفارتخانہ کی طرف چل پڑے۔ انہوں نے بیانر اٹھا رکھے تھے جن پر ملیشیا کی حکومت سے سچ بولنے کیلئے کہا گیا تھا۔ جب پولیس نے ان کی بسوں کوروکا تو وہ پیدل چل پڑے اور بوتلیں پھینکنی شروع کردیں۔ ملیشیا کے سفارتخانے کی حفاظت کیلئے بھاری تعداد میں پولیس متعین ہے۔ دوسری جانب چین کی حکومت نے اس سٹیلائٹ ڈاٹا تک رسائلی کا مطالبہ کیا ہے جس کی بنیاد پر ملیشین حکام اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ 2ہفتے قبل لاپتہ ہونے والا ملیشین ایرلائنس کا مسافر طیارہ بحر ہند میں گر کر تباہ ہوا تھا۔ ملیشین ایرلائنس کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر احمد جوہری یحیےٰ نے آج میڈیا کو بتایاکہ ہمیں نہیں معلوم کہ یہ افسوسناک واقعہ کیسے اور کیوں ہوا۔ انہوں نے طیارے کے تباہ ہونے کی اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ رات جو اعلان کیا گیا تھا اور جو مسافرین کے لواحقین کو بتایا گیا تھا وہ ایک حقیقت ہے جسے ہمیں تسلیم کرنا چاہئے۔ ملیشین ایرلائنس کے چیرمین محمد نور یوسف نے اس صورتحال کو ایک بے مثال واقعہ قراردیا جس کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں جو تحقیقات ہورہی ہیں وہ زیادہ عرصہ کیلئے اور پیچیدہ ہوسکتی ہیں۔ ان کے مطابق ہم مہلوکین کے لواحقین کی حمایت کرتے رہیں گے۔ دوسری جانب اسٹریلیائی حکام نے کہا ہے کہ خراب موسم اور سمندر میں اونچی لہروں کی وجہہ سے ملیشیا کے لاپتہ مسافر طیارے کے ملبے کی تلاش کا عمل روک دیا گیا ہے۔ اسی دوران چین کے نائب وزیر خارجہ زی ہینگ شینگ نے چین میں ملیشیا کے سفیر اسکندر بن سر الدین ے ملاقات کی اور کہاکہ ملیشیا، چین کو مفصل ثبوت فراہم کرے۔ ملیشیا کے وزیراعظم نے کل رات دیر گئے اعلان کیا تھا کہ 8 مارچ کو لاپتہ ہونے والا ملیشین ایرلائنس کا مسافر طیارہ بحر ہند کے جنوبی علاقہ میں گر کر تباہ ہوگیا اور اس حادثہ میں کوئی زندہ نہیں بچ سکا۔ سمندر میں گر کر تباہ ہونے والے اس طیارے کے بیشتر مسافر چینی تھے جن میں بعض کے لواحقین نے بھی ملیشیا کی حکومت کے ان نتائج پر شبہ کا اظہار کیا ہے کیونکہ ابھی تک جہاز کاملبہ نہیں مل سکا۔ ان لواحقین نے اپنے پیاروں کی موت کا ذمہ دار ملیشیا کی حکومت اور فضائی کمپنی کو قرار دیا ہے۔

Malaysia Airlines Flight 370: China demands satellite data used to conclude Boeing 777 crashed into ocean

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں