#Nanda اگلے وقتوں کی اداکارہ نندہ کا قلب پر حملے سے انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-26

#Nanda اگلے وقتوں کی اداکارہ نندہ کا قلب پر حملے سے انتقال

nanda
اگلے وقتوں کی بالی ووڈ اداکارہ نندہ جو 1960ء کے دہے میں اور 1970ء کے دہے کے اوائل میں پردہ سیمیں پر چھائی رہی تھیں، آج قلب پر شدید حملہ کے باعث انتقال کرگئیں۔ ان کی مشہور فلموں میں "ہم دونوں""گمنام" اور "جب جب پھول کھلے" میں ان کی اداکاری کو یاد رکھا جائے گا۔ خاندان کے ذرائع نے بتایاکہ 75 سالہ اداکارہ، ممتازفلم ساز وی شانتا رام کی بھانجی تھیں۔ آج صبح ممبئی کے علاقہ اندھیری میں اپنی قیام گاہ پر وہ انتقال کرگئیں۔ ان کے رشتہ دار نے بتایاکہ یہ بڑے دکھ کی بات ہے کہ ماضی میں وہ کبھی بیمار نہیں پڑی تھیں۔ انہوں نے کئی ہیروز اشوک کمار، کشور کمار، دیوآنند، راجش کھنہ اور ششی کپور کے ساتھ مشہور فلموں میں کام کیا تھا۔ وہ 1939ء میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد مراٹھی اداکارڈائرکٹر ونائک دامودھر کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ نندہ کے بچپن ہی میں ان کے والد کا انتقال ہوگیا اور بعد میں اس خاندان کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ نندہ نے اپنے بچپن میں چائلڈ اسٹار کے طورپر کام کرتے ہوئے اپنے خاندان کی مدد کرنی شروع کی۔ ان کی پہلی فلم "جگو" تھی جو 1950ء کے دہے میں ریلیز ہوئی تھی۔ بالی ووڈ میں نندہ کے کیرئیر کے آغاز میں ان کے ماموں شانتا رام نے مدد کی اور 1956ء میں فلم "طوفان اور دیا" میں 17سالہ نندہ کو شامل کیا۔ یہ فلم کامیاب رہی۔ اس کے بعد نندہ نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ نندہ نے پہلی بار دیو آنند کے ساتھ "کالا بازار" میں کام کیا جس میں انہوں نے دیو آنند کی بہن کا رول ادا کیا لیکن دیو آنند نے کہاکہ وہ اپنی فلموں میں نندہ کو ہیروئن کے طورپر شامل کریں گے۔ اس طرح "ہم دونوں" اور "تین دیویاں" میں دیو آنند نے نندہ کے ساتھ کام کرتے ہوئے اپنے وعدہ کو پورا کیا۔

Legendary Bollywood Actress Nanda Dies of Heart Attack

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں