نئے سفارتکار سبرامنیم جئے شنکر کا وائٹ ہاوز میں خیر مقدم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-12

نئے سفارتکار سبرامنیم جئے شنکر کا وائٹ ہاوز میں خیر مقدم

واشنگٹن۔
(آئی اے این ایس)
امریکی صدر بارک اوباما نے ہندوستان کے نئے سفارتکار سبرامنیم جئے شنکر کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان سے کہاکہ دونوں ممالک باہمی طورپر بہت کچھ حاصل کرسکتے ہیں۔ ہندوستانی سفارتخانے کے مطابق اوباما نے بحیثیت ہندوستانی نمائندہ ذمہ داریوں کو کامیاب طریقہ سے نبھانے کیلے جئے شنکر کے ساتھ نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے وائٹ ہاوز کے اوول آفس میں ہندوستانی سفارتکار کے ساتھ ملاقات کے دوران ان خیالات کا اظہارکیا۔ جئے شنکر نے اوباما کے علاوہ خاتون اول مشیل اوباما کو صدرجمہوریہ پرنب مکرجی اور وزیراعظم منموہن سنگھ کی جانب سے خیرسگالی پیغام پیش کیا۔ جئے شنکر نے اوباما کو یہ تیقن بھی دیا کہ وہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو بنیادی سطح سے بہتر بنانے کیلئے اپنی جانب سے بھرپور کوشش کریں گے نیز وہ اقتصادی تعلقات، دفاع و سلامتی، توانائی، سائنس و ٹکنالوجی و دیگر عالمی معاملات پر بھی اپنی جانب سے اہم رول ادا کریں گے۔ جئے شنکر ان 6سفارتکاروں میں شامل ہیں جنہوں نے کل یہاں منعقدہ ایک روایتی تقریب میں اوباما سے ملاقات کی۔ اس تقریب کے ساتھ ان سفارتکاروں کی واشنگٹن میں خدمات کا رسمی آغاز ہوتا ہے۔ اگرچہ جئے شنکر نے اوباما سے کل ملاقات کی تاہم وہ کرسمس کے موقع پر یہاں پہنچنے کے بعد پچھلے 2ماہ کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کیلئے بہت کچھ کرچکے ہیں جیسا کہ دیویانی کھوبر گاڑے واقعہ کے بعد سفارتی تعلقات متاثر ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ جئے شنکر نے ہند۔ امریکہ سیول نیوکلیر معاہدہ کے علاوہ دیگر امور میں بات چیت کیلئے اہم رول ادا کیا ہے نیز انہوں نے ہندوستان کی پچھلی سفارتکار کھوبر گاڑے کی نیویارک میں گرفتاری اور برہنہ تلاشی کے بعد پیدا ہوئے بحران کو ختم کرنے کیلئے بھی اہم رول ادا کیا۔ چین میں تقریباً 4 برس تک ہندوستانی سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے بعد وہ واشنگٹن پہنچے ہیں اور نروپما رائے کے جانشین ہوں گے۔ 1997ء میں ہندوستانی فارن سرویس میں شمولیت اختیار کرنے والے جئے شنکر 1985ء تا1988 کے دوران واشنگٹن میں واقع ہندوستانی سفارتخانہ میں فرسٹ سکریٹری کے طورپر بھی سیاسی امور سے نمٹنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے چیک جمہوریہ میں ہندوستانی سفیر ہائی کمشنر برائے سنگاپور اور وزارت خارجی امور کے امریکن ڈویژن کے سربراہ کے طورپر بھی خدمات انجام دیں۔

India, US can achieve a lot together: Barack Obama

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں