گجرات کا ترقیاتی ماڈل تمام ریاستوں کیلئے قابل عمل نہیں- راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-28

گجرات کا ترقیاتی ماڈل تمام ریاستوں کیلئے قابل عمل نہیں- راہول گاندھی

بشواناتھ۔(آسام)
(پی ٹی آئی)
گجرات کے ترقیاتی ماڈل کی وکالت کرنے پر بی جے پی کے وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج اسے مسترد کردیا اور کہاکہ ملک کی تمام ریاستوں میں ایک ہی فارمولہ کا اطلاق نہیں کیا جاسکتا۔ راہول گاندھی نے یہاں تیج پور لوک سبھا حلقہ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہر ریاست کی اپنی تاریخ، تعلیم، نظریات اور اپنا ماڈل ہوتا ہے۔ ملک کی تمام ریاستوں پر ایک ہی فارمولہ کو لاگو نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ آسام کو گجرات کے ترقیاتی ماڈل کی ضرورت نہیں۔ آسام کا اپنا ماڈل پہلے سے موجودہے جو اسے ترقی کے راستے پر لے جارہا ہے۔ راہول گاندھی کے ہمراہ چیف منسٹر ترون گوگوئی اور اے پی سی سی صدر بھونیشور کالیتا بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ گجرات کا ماڈل کافی عرصہ سے قائم ہے اور ریاست کی خواتین، کسانوں اور ورکروں نے اسے تیار کیا ہے۔ کسی ایک شخص کو اس کا سہرا اپنے سر باندھنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی صرف ایک نظریہ میں یقین رکھتی ہے جسے سارے ملک میں نافذ کرنا چاہتی ہے لیکن یہ کسی ایک نظریہ کا ملک نہیں۔ راہول گاندھی نے کہاکہ گجرات کے دورہ کے دوران انہوں نے کسانوں، خواتین، آدی واسیوں دیگر پسماندہ طبقات اور غریبوں سے بات چیت کی جنہوں نے ان سے اپیل کی کہ وہ ان کے مسائل کا جائزہ لیں کیونکہ ان کی بات سننے والا کوئی نہیں۔

Gujarat's development model is not applicable to all states - Rahul Gandhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں