(آئی اے این ایس)
سشیاچلم کے جنگلات میں منگل کو بھڑک اٹھی بھیانک آگ مسلسل جاری ہے، جس سے تروملا ہلز میں واقع مشہور بالا جی مندر کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ مندر کے امور کی دیکھ بھال کرنے والے تروملا تروپتی دیواستھانم کے عہدیداروں نے بتایاکہ وہ آگ پر قابو پانے کیلئے ہیلی کاپٹرس تعینات کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ آگ نے تاحال ہزاروں ہیکٹر اراضی پر جنگلات کو تباہ کردیاہے، جب کہ پہاڑوں کے اطراف کثیف دھویں کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ مندرکے اطراف و اکناف دکانات بند کردی گئی ہیں، جب کہ عوام کیلئے بنائی گئی راہداریاں بھی جو مندر جاتی ہیں، مسدود کردی گئی ہیں۔ ٹی ٹی ڈی ذرائع نے بتایاکہ وہ یاتریوں کے تحفظ کیلئے تمام اقدامات کررہے ہیں۔ احتیاطی اقدامات کے تحت علی پیری سے آنے والی پیدل راہداریاں مسدودی کردی گئی ہے۔ ٹی ٹی ڈی کے ایگزیکٹیو آفیسر این جی گوپال نے کہاکہ کاکولا کونڈا کی آگ ہنوز قابو میں نہیں آئی ہے۔ محکمہ فائر سرویسس، محکمہ جنگلات، پولیس اور ٹی ٹی ڈی کے مختلف شعبوں کے عہدیدار آگ بجھانے کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ یہ آگ مندر سے صرف تین کلو میٹر دور صندل کی لکڑی کے درختوں میں بھڑک اٹھی تھی۔ ٹی ٹی ڈی کے جوائنٹ آفیسر کے سرینواس راجو نے تروملامیں صحافیوں کو بتایاکہ وہ آگ بجھانے کیلئے ہیلی کاپٹرس تعینات کرنے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں سے بات چیت کررہے ہیں۔ وہ ہیلی کاپٹرس کیلئے ہندوستانی بحریہ کی مدد حاصل کرنے پر بھی غور کررہے ہیں۔ ٹی ٹی ڈی کے عہدیدار، چیف سکریٹری اور ڈساسٹر مینجمنٹ کے عہدیداروں کے ساتھ مسلسل ربط میں ہیں۔ آگ سے جنگلات میں واقع ونڈ پاور پلانٹ کو بھی خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔
Seshachalam Forest fire threatens Tirumala Balaji shrine
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں