دہلی وقف بورڈ کو 123 جائیدادوں کی حوالگی کی کارروائی شروع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-06

دہلی وقف بورڈ کو 123 جائیدادوں کی حوالگی کی کارروائی شروع

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
حکومت نے آج لوک سبھا انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہونے سے چند ہی گھنٹے قبل دہلی میں 123 جائیدادوں کو، جو اہم مقامات پر واقع ہیں، دہلی وقف بورڈکے حوالہ کرنے کی کارروائی کا عملاً آغازکردیا اور لینڈ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس (ایل ڈی او) و نیز دہلی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی(ڈی ڈی اے) کی جانب سے جائیدادوں کے حصول (کے عمل) سے دستبرداری اختیارکرلی۔ وزارت داحلہ کے ایک عہدیدار نے کہاکہ مرکزی حکومت نے ایل ڈی او و نیز ڈی ڈی اے کے زیر کنٹرول موقوفہ جائیدادوں کے حصول سے دستبرداری اختیار کرلی ہے جو دو شرائط کے تابع ہے۔ ایک شرط یہ ہے کہ جائیدادوں کے سلسلہ میں حکومت یا ڈی ڈی اے یا دیگر سرکاری محکمے کوئی معاوضہ ادا نہیں کریں گے۔ دوسری شرط یہ ہے کہ جائیدادوں سے متعلق مقدمات جو دہلی وقف بورڈ نے حکومت یا ڈی ڈی اے کے خلاف دائر کئے ہیں اور جو کسی عدالت میں زیر دوراں ہیں، پہلے ان سے دستبرداری اختیار کرلی جائے۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا ہوگا کہ جائیدادوں کے حصول سے دستبرداری کے اقدام سے قبل مرکزی کابینہ نے گذشتہ 2مارچ کو یہ فیصلہ کیا تھا۔ اس فیصلہ کی رو سے دہلی وقف بورڈ کا جائیدادوں پر اختیارات بشمول ان کے فروخت کرنے کا اختیار حاصل ہوجائے گا۔ ان میں سے کئی جائیدادیں دہلی کے اہم مقامات پر پھیلی ہوئی ہیں۔ بحالت موجودہ 123 جائیدادوں کے منجملہ 61جائیدادیں، وزارت شہری ترقی کے تحت ایل ڈی او کی زیر ملکیت ہیں جبکہ مابقی 62جائیدادیں ڈی ڈی اے کے زیر قبضہ ہیں۔ وزارت اقلیتی امور نے مرکزی وقف کونسل کے تحت ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی تھی تاکہ وہ (کمیٹی)تجویز کا جائزہ لے۔ اس کمیٹی نے اس تجویز کی حمایت کی۔ بیشتر موقوفہ جائیدادیں کناٹ پیلس، متھورا روڈ، لودھی روڈ، مان سنگھ روڈ، پنڈارہ روڈ، اشوکا روڈ، جن پتھ، پارلیمنٹ ہاوز، قرول باغ، صدر بازار، دریا گنج اور جنگ پورہ میں اور اس کے اطراف واقع ہیں۔

Cabinet gives 123 prime properties in Delhi to Wakf board

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں